ا سلام آباد: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات3مارچ کو کرانے کااعلان کردیا، شیڈول کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کےلئے کاغذات 24 فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 فروری کو ہوگی،کاغذات نامزدگی پر فیصلے 27فروری تک ہوں گے،پولنگ 3مارچ کو ہوگی، پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کےلئے پولنگ سینٹرل آفس سمیت چاروں صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوگی۔
ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہابانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو چیئرمین ،عمر ایوب کو جنرل سیکرٹری کاامیدوار نامزد کردیا،عوام کا مینڈیٹ رات کی تاریکی میں چوری کیاگیا، عوام کا مینڈیٹ چوری ہو جائے تو جمہوریت نہیں چل سکتی، عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کو پوری دنیا نے دیکھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے نئے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے فیصلے کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
اکبر ایس بابر نے کہاخود ساختہ اور خود نامزد کنندہ کالعدم پی ٹی آئی قیادت کا انٹرا پارٹی الیکشن کی کسی نئی مہم جوئی کا بھر پور قانونی اور سیاسی میدان میں مقابلہ کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے3مارچ کوانٹرا پارٹی انتخابات، بیرسٹر علی ظفر پارٹی چیئرمین نامزد
















