لاہور:( اپنے رپورٹر سے)ن لیگ کاپنجاب میں پارلیمانی پاور شو ،218اراکین کی شرکت سے اکثریت ثابت،پارلیمانی پارٹی نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے پر قیادت کے فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں جاتی عمرہ میں ہونےوالے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں218اراکین نے شرکت کی،137 کامیاب امیدوار، مخصوص نشستوں کیلئے نامزد 58 خواتین اور ن لیگ میں شامل ہونےوالے 22 سے زائد آزاد اراکین شامل تھے،پارلیمانی پارٹی نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کرنے کے قیادت کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے مکمل اعتماد کا اظہار کرنے کےساتھ پنجاب کے عوام کے مسائل کے حل کےلئے بھر پور عزم کا اعادہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا16 ماہ کی حکومت میں مشکل فیصلوں کے بعد انتخابات مشکل تھے ،سخت فیصلے کرنا پڑے، جھوٹ و پروپیگنڈے کا دور دورہ تھا لیکن عوام نے واضح مینڈیٹ دیا،پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے قائد نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور ن لیگ کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا اب پنجاب کے نئے عہد کا آغاز ہوگا جس کی بنیاد نواز شریف نے 80 میں رکھی تھی اور شہباز شریف نے پنجاب میں عوام کی خدمت کے ریکارڈ قائم کیے اور راستہ چھوڑا ،سب کا تعاون ہوگا تو خدمت کے نئے ریکارڈز قائم کریں گے۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہاملک و پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، خاتون، بیٹی کو عزت دی گئی ، اعتماد دینے پر پارٹی قائد نوازشریف، صدر شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں،نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاپوری کوشش ہو گی اعتماد پر پورا اتروں،پارٹی قائد و صدر کے زیر سایہ رہنمائی و تجربے کو ساتھ لےکر چلیں گے، قائد کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے،نئے جذبے، عزم اور خلوص کےساتھ عوام کی خدمت کے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، نوازشریف کے ویژن کے مطابق عوام سے کیا گیا ایک ایک وعدہ پورا کریں گے۔
مریم نواز نے کہا پچھلے 5 سال 2018 سے 2022 تک کی حکومت میں پنجاب میں سوتیلا سلوک کیا گیا ،سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں کوڑے کے انبار نہیں ،ایک ایک فائل، ایک ایک تعیناتی و تبدیلی پر کرپشن تھی،لوگوں کو مفت علاج فراہم کیا، مفت آپریشن کی سہولت دی،اسی صحت کارڈ میں پچھلے 5 سال میں کرپشن کی نئی داستانیں رقم ہوئیں اور کئی جگہوں پر پیسے کمانے کا ذریعہ بنایا گیا،تعلیم، صحت، بلدیاتی حکومتوں سمیت ہر شعبے میں اتنی بدانتظامی ہے ٹھیک کرنے کےلئے 5 سال کے 24 گھنٹے بھی کم ہے۔
نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی ترقی و عوام کی فلاح و بہبود کےلئے اپنی ترجیحات کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا نواز شریف ہرگز سیاست سے کنارہ کش نہیں ہو رہے ،مسلم لیگ (ن) وفاق یا پنجاب جہاں بھی حکومت بنا رہی ہے وہ نواز شریف کی حکومت ہے ،نواز شریف حکومتوں کی نہ صرف نگرانی کریں گے بلکہ بھرپور انداز میں 5سال سیاست میں متحرک ہوں گے ،پاکستان کو نواز شریف کی ضرورت ہے ،کرپشن ،بیڈ گورننس ،کارکردگی میری ریڈ لائن ہے ،جوسیاسی مقاصد کیلئے قانو ن کو ہاتھ میں لیں گے وہ میری ریڈ لائن ہے ،ٹرانسفر پوسٹنگ میں میرٹ کی پامالی میری ریڈ لائن ہے۔
مریم نواز نے کہاغربت پرصحیح اعدادوشمار سے آگاہی کےلئے 3ماہ میں سروے کرائیں گے ، کوشش ہو گی رمضان المبارک میں ریلیف پیکیج لوگوں کی دہلیز تک پہنچے ،پنجاب میں پہلی ائیر ایمبولینس سروس کا آغاز کرنے جارہے ہیں ، صوبے میں کم از کم 5آئی ٹی سٹیز بنائیں گے ، غریبوں کےلئے ایک لاکھ گھر بنا کر دیں گے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاپارٹی منشور میں جو کہا وہ کرکے دکھائیں گے،سب نے ملکر ملک و قوم کی دن رات خدمت کرنی ہے،آپ سب کا اعتماد ،حمایت میرا اصل اثاثہ ہے،حکومت ،جماعت کی سطح پرترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ، اراکین اسمبلی میرے بازو ،طاقت ہوں گے،پنجاب کے 297حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے ، ہیلتھ ایجوکیشن، انفراسٹرکچر،لا اینڈ آرڈر، زراعت آئی ٹی وغیرہ سب پر مساوی تقسیم ہو گی ، ہر حلقہ ،ڈسٹرکٹ ،یونین کونسل ، ڈویژن ماڈل ہونی چاہئے، کوئی دوسرے سے کم نہیں ہونی چاہئے اور سب آپ کی ذمہ داری ہونی چاہئے تاکہ 5 سال کے بعد پنجاب میں کوئی گلی ایسی نہ رہے جو ٹوٹی ہو، کوئی جگہ ایسی نہ ہو جہاں پانی کھڑا ہو، کوئی ایسا شہر یا گاو¿ں نہ ہو جہاں صاف پانی مہیا نہ کر سکیں، کوئی ایسا گاو¿ں نہ ہو جہاں صفائی کا بہترین نظام نہ ہو،بہت مشکل و چیلنجنگ کام ہے ،ہنگامی بنیادوں پر کرنا ہے،جامع لائحہ عمل بنالیا۔
دریں اثنا ن لیگ نے پنجاب اسمبلی اجلاس کے پیش نظر تمام نومنتخب اراکین اسمبلی کو لاہور میں ہی رکنے کی ہدایت کردی،ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کااجلاس 23فروری کو طلب کیے جانے کا امکان ہے،افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گئے، سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا۔
پارلیمانی پاور شو،خدمت کے نئے ریکارڈ قائم،ایک لاکھ گھر بنا کر دیں گے،مریم نواز
















