مجتبیٰ شجاع الرحمن سپیکر پنجاب اسمبلی فائنل،گیلانی چیئرمین سینٹ کیلئے مضبوط امیدوار

لاہور،اسلام آباد،کوئٹہ: (بیورورپورٹ)میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن سپیکر پنجاب اسمبلی فائنل،گیلانی چیئرمین سینٹ کیلئے مضبوط امیدوار، صادق عمرانی، ثناءزہری اور سرفراز بگٹی وزیراعلیٰ بلوچستان کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے پارلیمانی اجلاس میں ن لیگ نے سپیکر کیلئے میاں مجتبیٰ شجاع ،ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کےلئے ظہیر چنڑ کے نام پر اتفاق کرلیا۔

دریں اثناگورنر پنجاب کےلئے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے نام زیر غور ہیں،ذرائع کے مطابق مخدوم احمد محمود پارٹی قیادت کی پہلی ترجیح ہوں گے کیونکہ وہ مسلم لیگ (ن ) کےلئے بھی قابل قبول ہوں گے۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ کےلئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی موسٹ فیورٹ امیدوار ہیں،چیئرمین سینٹ بننے کی صورت میں قومی اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دیں گے،نشست پر بیٹا ضمنی الیکشن لڑے گا۔

مزید برآںپیپلزپارٹی نے بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے مشاورت مکمل کرلی،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو وسابق صدرآصف زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے مشاورت کی گئی،وزارت اعلیٰ کیلئے صادق عمرانی، ثنازہری اور سرفراز بگٹی کے نام پر غور کیا گیا،ذرائع کے مطابق پارٹی قائدین نے پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے الگ الگ بھی ملاقات کی،ن لیگ کوشراکت اقتدار میں سپیکر اور سینئر وزیر دیا جائے گا اور دونوں جماعتوں کو ایک جتنی صوبائی وزارتیں دی جائیں گی،بلوچستان کے وزیراعلیٰ کیلئے نام کا اعلان 36 گھنٹوں تک کردیاجائےگا۔