اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی اپیل خارج، سپریم کورٹ نے درخواست گزار کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی، درخواست گزار بریگیڈیئر علی خان پیش نہ ہوئے اورای میل کے ذریعے بیرون ملک موجود ہونے سے آگاہ کر دیا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا پولیس درخواست گزار کے گھر گئی،وزارت دفاع کے ذریعے بھی نوٹس بھیجا، علی خان گھر پر موجود نہیں ،نوٹس گیٹ پر چسپاں کر دیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیاعلی خان کون ہیں؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاسابق بریگیڈیئر ہیں، 2012 میں کورٹ مارشل ہوا تھا، عدالت نے ہدایت کی ریاست یقینی بنائے کورٹ مارشل ہوا شخص بریگیڈیئرکا رینک استعمال نہ کرے۔
چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ کو درخواست گزار کا ای میل موصول ہوا، درخواست گزار نے ای میل میں لکھا بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا، ای میل میں درخواست واپس لینے کی استدعا کی گئی، علی خان نے لکھا ای میل میں بورڈنگ پاس،ٹکٹ اور بحرین جانے کے تمام سفری دستاویزات لگائے گئے ، دستاویزات کے مطابق درخواست گزار دوحہ سے کنکٹنگ فلائٹ لیکر بحرین گیا،جسٹس قاضی فائز نے کہاعجیب آدمی ہیں سستا ہونے کے باعث لوگ ریٹرن ٹکٹ لیتے ہیں انہوں نے ون وے ٹکٹ لیا، لگتا ہے علی خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر کے پبلیسیٹی سٹنٹ کھیلا ۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما شوکت بسرا روسٹرم پر آئے اور کہا میں بہاولنگر سے منتخب رکن اسمبلی کیس میں پیش ہونا چاہتا ہوں ،چیف جسٹس نے شوکت بسرا سے سوال کیا آپ درخواست گزار علی خان کے وکیل ہیں؟ ،شوکت بسرا نے جواب دیانہیں میں ان کا وکیل نہیں ہوں۔
جسٹس قاضی فائز نے کہا آپ بیٹھ جائیں وکیلوں کو سننے دیں، شوکت بسرا نے کہا میں بھی ہائیکورٹ کا وکیل ہوں ،جسٹس قاضی فائز نے کہا مبارک ہو آپ ہائیکورٹ کے وکیل ہیں مگر آپ تشریف رکھیں،شوکت بسرا نے استدعا کی میری بات تو سن لیں، چیف جسٹس نے کہا آپ بیٹھ جائیں ورنہ لائسنس منسوخ کرنے کاحکم دے کر توہین عدالت کا نوٹس بھی کرسکتے ہیں،آپ کا کیس سے تعلق کیا ہے؟ شوکت بسرا نے کہاکیس سے تعلق نہیں لیکن قسم کھاناچاہتاہوں، جسٹس قاضی فائز نے کہا یہ نہ کریں ورنہ توہین عدالت کا نوٹس کردیں گے، شوکت بسرا نے جواب میں کہا پاکستان کی سب سے بڑی عدالت ہے۔
چیف جسٹس نے کہاتقریر نہ کریں ہمارے سامنے، پہلے سن لیجیے، بالکل ہی اخلاق چھوڑ دیا، آئندہ آپ نے یہ کیا تو وکالت کا لائسنس منسوخی کا معاملہ بارکوبھیجیں گے، سب نے ملکر سپریم کورٹ کو مذاق بنایا ہوا ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا نہیں ہوسکتا درخواست گزار خود نہ آئے اور دوسری پارٹی کوراستہ دکھائے درخواست کے ذریعے عدالت آجاو¿،چیف جسٹس نے کہا عدالت کا غلط استعمال ہو رہا ہے، پاکستان کو دنیا کےلئے جگ ہنسائی کا سامان بنا دیا گیا ۔
دوران سماعت جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دئیے ہفتے کو مرکزی ٹی وی چینل پرخبر چلی ججزکا اجلاس ہوگیا ،میرا ساتھی ججزکے ساتھ کوئی اجلاس نہیں ہوا لیکن یہاں تو میڈیا آزاد ہے، میرے ساتھی جج مجھ سے پوچھ رہے ہیں بتائیں پھر اجلاس میں کیا ہوا؟ ججز آکرپریس کانفرنس کرکے وضاحتیں تو نہیں دے سکتے۔
چیف جسٹس نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا خبر چلانے سے پہلے تصدیق توکرلیا کریں، رجسٹرارکوکال کرکے پوچھ لیں، جینوئن صحافی نوکری سے فارغ ہورہے ہیں، اب میڈیاچلائے گا نہیں بریگیڈئیرکاکورٹ مارشل ہوا تھا، ہر چیزپربس ضمیربیچ دو،گھربیٹھ کرکچھ بھی چلادیتے ہیں، سچ بولیں اورسچ بتائیں لیکن نہیں یہاں میڈیا کوبس اپنی ریٹنگ کی پڑی ہے، اب ہرکوئی آکرکھڑا ہوجائے درخواست خارج کیوں کردی، میڈیا کا آج کل بس یہی کام ہے جھوٹی خبریں چلاکر ریٹنگ لو،صدر سپریم کورٹ بار نے کہا ہفتے کو توخبرچلی بنچ بن گیا اور سماعت شروع ہوگئی ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے میڈیا سے غلطی بھی ہوسکتی ہے لیکن وضاحت بھی توچلائیں خبرغلط چلی اگرمیڈیا 10 جھوٹی خبریں چلائے گا تو لوگ خبروں پر اعتمادکرناچھوڑ دیں گے۔
بعدازاں چیف جسٹس نے حکمنامے میں لکھوایا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق درخواست گزار کا کورٹ مارشل اور 5سال قید بھی ہوئی تھی، علی خان نے اپنی درخواست میں حقائق ظاہر نہیں کیے،لگتا ہے میڈیا میں خبریں چلوانے کے بعد درخواست گزار پاکستان چھوڑ گئے اور ملکی مفاد کیخلاف کام کر رہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ملک تباہ کرنے کا یہی طریقہ ہے اداروں کو تباہ کر دیا جائے، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ ہے اور دیگر 2،3ادارے ہی تو ہیں،عدالت عظمیٰ نے اپیل خارج کرتے ہوئے درخواست گزار کو5لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
عام انتخابات کالعدم قرار دینے کی اپیل خارج،درخواست گزار کو5لاکھ جرمانہ


















