نواز کے سیاست سے کنارہ کش ہونے میں سچائی نہیں،بھرپور سرپرستی کرینگے:مریم

لاہور: (اپنے رپورٹر سے )سینئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہاہے نواز شریف کے سیاست سے کنارہ کش ہونے میں کوئی سچائی نہیں،5سال بھرپور حکومتی سرپرستی کرینگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مریم نواز نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا نواز شریف سیاست سے کنارہ کشی اختیار نہیں کر رہے بلکہ میں اور شہباز شریف قائدن لیگ کی سربراہی میں کام کریں گے،اگلے 5سال نواز شریف نہ صرف بھرپور سیاست کریں گے بلکہ وفاق و پنجاب میں اپنی حکومتوں کی سرپرستی بھی کریں گے ۔

مریم نواز نے کہا نوازشریف کی تینوں حکومتوں میں عوام نے واضح اکثریت دی تھی اور قائد ن لیگ بات انتخابی تقاریر میں واضح کر چکے ہیں کسی مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے،مزاج سے آگاہ لوگوں کو نواز شریف کے اصولی موقف کا علم ہے،شہباز شریف اور میں قائد کے سپاہی ، ہرحکم کے پابند ہیں،سربراہی و نگرانی میں کام کریں گے۔