نواز،شہباز،مریم ،حمزہ ودیگر کی کامیابی کانوٹیفکیشن،مزید درخواستیں خارج

لاہور،اسلام آباد،گجرات،کوئٹہ:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)نواز،حمزہ سمیت مزید امیدواروں کی کامیابی کیخلاف درخواستیں خارج کردی گئیں،لاہور ہائیکورٹ نے امیدواروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

جسٹس علی باقر نجفی سے نے قرار دیا انتخابات کے تمام معاملات کا پہلا فورم الیکشن کمیشن ہے، درخواست گزار الیکشن کمیشن سے رجوع کرے،جسٹس صداقت علی خان نے سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ بشارت کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے فیصلہ سنایادرخواست گزار براہ راست ہائیکورٹ نہیں آسکتے، پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کیاجائے۔

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 46، 47 اور 48 کے امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے کی استدعا مسترد کردی، عدالت نے تینوں درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردئیے۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے نواز،شہباز،مریم ،حمزہ،عطا تارڑ،ارمغان سبحانی ،خواجہ آصف ،علی زاہد ،،نوشین افتخار،عون چودھری اور امیر مقام کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ادھر این اے 64 گجرات سے ہارنے والی تمام جماعتوں کے امیدواروں نے نتیجہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا،قیصرہ الٰہی ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاپوسٹل کے سواکوئی بیلٹ نہیں دکھایا گیا،سینکڑوں ہزاروں کا فرق تو دیکھا اور سنا لیکن لاکھوں کا آج تک دیکھا نہ ہی سنا، اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرینگے۔

ٹی ایل پی امیدوار عبدالکریم نے کہا بدترین دھاندلی کبھی نہیں دیکھی، نتائج کو کبھی نہیں مانیں گے، تسلیم کرتے ہیں جیت باجی قیصرہ الٰہی کی ہوئی ،پی پی امیدوار کے وکیل ،امیدوار مرکزی مسلم لیگ ،امیدوار جماعت اسلامی راجہ ساجد شریف نے کہا سارا الیکشن فراڈ ہے، تیسرے نمبر کے امیدوار کو جتوایا گیا، تمام تھیلوں کو سیل کیا جائے۔

دوسری جانب عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کےخلاف سیاسی جماعتوں کی جانب سے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹر ڈاو¿ن کی گئی ، تمام بازار، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے،مظاہرین نے متعدد مقامات پر دھرنے دےکر سڑکیں بلاک کردیں۔