اکثریت ہونے پر وزارت عظمیٰ ن لیگ کا حق ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد،نارووال،ظفر وال:(بیورورپورٹ)سابق وفاقی وزیر و رہنمان لیگ خواجہ آصف نے کہاہے اکثریت ہونے پر وزارت عظمیٰ ن لیگ کا حق ہے، 3 سال بعد حکومت دوسری جماعت کو دینا دانش مندانہ فیصلہ نہیں ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا3سال میں بہت سے ایسے اقدامات کرنا پڑیں گے جس سے بعض طبقات کی تکالیف بڑھیں گی، اکثریت پاس ہے، میاں صاحب کا جذبہ دیکھ کر میرا اعتماد بھی بحال ہوا،ایم کیوایم کےساتھ ملاقات اچھی رہی اور بہت مثبت بات چیت ہوئی، کراچی کے لوگوں کو حقیقی شکایات ہیں، کراچی میں پانی و دہشتگردی کے مسائل ہیں، پہلے بھی میاں صاحب نے کراچی کے مسائل حل کیے ،پنجاب کو مثال بنائیں گے،بتائیں گے صوبوں میں کس طرح حکومت و انتظامات چلائے جاتے ہیں۔

دریں اثنا احسن اقبال نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا مرکز میں ن لیگ سابق اتحادی جماعتوں سے ملکر مخلوط حکومت بنائے گی،100نشستیں لے کر پی ٹی آئی کیسے حکومت بنائے گی؟ وفاقی حکومت کےلئے 134نشستیں درکار ہیں ،اگلے 6ماہ میں وعدوں کے مطابق کام ہوتے نظر آئیں گے۔