گوجرانوالہ:(چودھری توصیف احمد) کمشنر گوجرانوالہ ڈویڑن سید نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل کے ہمراہ گوجرانوالہ پریس کلب کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ 50 لاکھ کی گرانٹ کا چیک گوجرانوالہ پریس کلب کی کمیٹی کے حوالے کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کی زیر نگرانی اس گرانٹ کو پریس کلب کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے استعمال کریں گے۔کمشنر نے کہا کہ صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہوتے ہیں‘معاشرے کی اصلاح اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
صحافیوں کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا اور انکی ہرممکن حوصلہ افزائی ہمارا فرض ہے تاکہ یہ مزید دلجمعی سے اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے معاشرے میں موجود خامیوں کی نشاندہی کریں جس سے حکومتی محکموں کو ان خامیوں پر قابو پانے اور اپنی کارکردگی میں اضافہ کا موقع مل سکے۔
اس موقع پرڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ فیاض احمد موہل نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے گوجرانوالہ پریس کلب کو پچاس لاکھ کی خطیر گرانٹ کی فراہمی انتہائی احسن قدم ہے اس سے گوجرانوالہ پریس کلب کو مزید بہتری بنانے اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود میں کافی مدد ملے گی،پریس کلب صحافی برادری کا گھر ہوتاہے اس کی بہتری سے تمام صحافیوں کو فرائض کی ادائیگی میں سہولت میسر آئے گی۔
گوجرانوالہ کے صحافی حضرات کی طرف سے 50لاکھ کی گراانٹ فراہم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیاگیا اور اس سلسلہ میں ذاتی دلچسپی اور خصوصی کاوشیں کرنے پر نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی‘ وزیر اطلاعات عامر میر‘ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ پنجاب میڈم روبینہ افضل‘ کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی‘ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل اور ڈائریکٹر انفارمیشن افتخار علی شاہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔
صحافی معاشرے کے آنکھ اور کان ہوتے ہیں،کمشنر گوجرانوالہ
















