اسلام آباد،لاہور،کراچی:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے،کورٹ رپورٹر)عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد ،اکا دکا واقعات سے انکار نہیں، تدارک کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں،الیکشن کمیشن نے اعلامیہ جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا شکایات پر فوری فیصلے کیے جا رہے ہیں، مشکلات و مسائل کے باوجود 8 فروری کو انتخابی عمل پرامن و منظم رکھنے میں کامیاب رہے،انتخابات بہت بڑا آپریشن تھا ،کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا، ای ایم ایس نے آر اوز دفاتر میں تسلی بخش کام کیا، موبائل سروس کی بندش سے پریذائیڈنگ افسر الیکٹرانک ڈیٹا بھیجنے سے قاصر رہے۔
اعلامیے کے مطابق معمول کی کوآرڈی نیشن و نقل و حمل کو موبائل سروس کی بندش نے بری طرح متاثر کیا، 2018 انتخابات کا پہلا نتیجہ اگلے روز صبح 4 بجے موصول ہوا اب پہلانتیجہ رات 2بجے ملا،الیکشن کمیشن نے کہاکچھ حلقوں کے علاوہ انتخابات کے نتائج ڈیڑھ دن میں مکمل کیے گئے، 2018 کے انتخابات میں نتائج کی تکمیل میں 3روز لگے ، کچھ حلقوں میں نتائج کی تاخیر سے کسی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان نہیں پہنچا،انتخابات سے پہلے اور انتخابی عمل کے دوران الیکشن کمیشن کو بے پناہ چیلنجز درپیش تھے۔
دریں اثنا مزید حلقوں کے حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دئیے گئے،الیکشن کمیشن میں انتخابی عذرداریوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی ،2بنچ تشکیل دئیے گئے،ممبر نثار درانی نے کہا جو ہار گیا وہ جشن منا رہا اور جو جیت گیا وہ دھاندلی کے الزامات لگا رہا ہے، ایسا رویہ کب تک چلے گا؟ ہار و جیت جمہوریت کا حسن ہے۔
سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا ریٹرننگ افسر زیادہ تر حلقوں میں حتمی نتائج جاری کر چکے ،نتائج روکنے سے اگلے مراحل تاخیر کا شکار ہوں گے،وکیل بابر اعوان نے کہا 8فروری والا الیکشن ٹھیک کرایا گیا لیکن 9فروری کو جو ہوا اس کی الیکشن کمیشن سے شکایت نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن ڈسکہ کیس میں ریٹرننگ افسر کو سخت سزائیں دے چکا ، صرف نتائج روکنا کافی نہیں،خلاف ورزی کرنےوالے ریٹرننگ افسر کےخلاف سخت کارروائی کی جائے،الیکشن کمیشن نے خواجہ آصف سمیت متعدد حلقوں کے حتمی نتائج روکتے ہوئے ریٹرننگ افسروں سے رپورٹس طلب کرلیں۔
مزید برآں الیکشن کمیشن کے باہر شکایات سیل قائم کر دیا گیا،الیکشن کمیشن نے کہا شکایات سیل میں چاروں صوبوں کے علیحدہ علیحدہ کاونٹرز قائم کردئیے۔
ادھر لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت دیگر کی کامیابی متعلقہ فورم پر چیلنج کرنے کا حکم دےدیا، دوران سماعت مریم نواز پر طنز کرنے پر آفتاب باجوہ ،اعظم نذیر تارڑ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، عدالت نے وکلا کی تلخ کلامی پر اظہار ناراضگی کیا۔
دریں اثناایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفی کمال ،فاروق ستار،خواجہ اظہار،ارشدوہرہ سمیت کراچی سے قومی و صوبائی اسمبلی کے 19حلقوں کے نتائج کوسندھ ہائی کورٹ میںچیلنج کردیاگیا،عدالت عالیہ نے انتخابی نتائج کےخلاف تمام درخواستوں کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرلی ،مزید برآںجماعت اسلامی نے صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں کے نتائج کیخلاف درخواستیں دائر کردیں۔
دھاندلی الزامات مسترد،اکا دکا واقعات سے انکار نہیں،الیکشن کمیشن
















