عوام کی آنکھوں میں حقیقی تبدیلی کی خواہش ہے: ہمایوں اختر

تاندلیانوالہ: (نمائندہ مشرق) استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ 8 فروری کا سورج اس علاقے کی محرومیوں اور بد حالی کے خاتمے کی نوید لے کر طلوع ہوگا،عوام کی آنکھوں میں حقیقی تبدیلی کیلئے بیتابی دیکھی ہے ،عوام 8فروری کو کسی طرح کی دھونس اور دھمکی سے مرعوب ہوئے بغیر دو خاندانوں کے برج گرا دیں گے اور قبضہ ، ٹھیکیداری اور کمیشن مافیا کابوریا بستر ہمیشہ کیلئے گول ہو جائیگا،عوام سے اپیل ہے 8فروری کو ”عقاب“ پر مہر لگا کر پورے پینل کو کامیاب کرائیں تاکہ آپ کی آواز موثر طریقے سے ایوانوں میں پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انتخابی مہم کے آخری روز مختلف مقامات پرکارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے چک نمبر540گ ب میں فٹ بال ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت بھی کی ۔ اس موقع پر ہمایوں اختر خان اور ان کے ساتھیوں کا گل پاشی کرکے اور ہار پہنا کر پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو گراﺅنڈ میں دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ، وعدہ ہے یہاں کے نوجوانوں کو کھیلوں کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے ، سپورٹس کمپلیکس بنوا کر دیں گے جہاں پر انہیں بہترین تربیت دی جائے گی اوریہی کھلاڑی قومی اور عالمی سطح پر علاقے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو خاندانوں نے 76سالوں سے باریاں لگائی ہوئی تھیں، یہ لوگ انتخابی مہم کے دوران اپنی کوئی کارکردگی نہیں بتا سکے اور ان کی ساری مہم صرف منفی پراپیگنڈا کرنے تک محدود تھی ، ان لوگوں کے مایوس چہرے بتا رہے ہیں کہ 8فروری کو عوام ان کی ذاتی مفادات اور لوٹ کھسوٹ کی سیاست کو اپنے ووٹ کی طاقت سے راوی برد کردیں گے۔