تخریب کاری میں بھارت ملوث،دہشتگرد عناصر افغانستان میں چھپے ہیں:پاکستان

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان کو جن دہشتگرد عناصر سے خطرہ ہے وہ افغانستان میں چھپے ہیں،دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ممتاز زہرہ نے کہا ایران کے وزیر خارجہ نے 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم انورالحق کاکڑ ، آرمی چیف اور دیگر سے ملاقات کی، ایران میں پاکستانیوں کا قتل غیر انسانی ہے، پاکستان اور ایران نے اس عمل کی مذمت کی ہے،کل ان پاکستانیوں کی لاشیں پاکستان آگئی ہیں، پاکستانیوں کے قتل سے متعلق ایران سے قریبی رابطے میں ہیں اور توقع ہے ایران اس واقعے کی تحقیقات کے بعد پاکستان کو معلومات دےگا،ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان کو جن دہشتگرد عناصر سے خطرہ ہے وہ افغانستان میں چھپے ہیں اور ہم نے افغانستان کو اس حوالے سے ثبوت بھی فراہم کیے ہیں،گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارتی شہریوں کے ملوث ہونے کے ثبوت دیے، بھارت پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے، پاکستان ان ممالک سے رابطے میں ہے جہاں سے بھارت پاکستان میں دہشتگردی کراتا رہا، پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے جبکہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر بھی تشویش ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے سائفر کیس سے متعلق فیصلے پر تبصرے سے گریز کیا۔