توشہ خانہ ریفرنس،عمران،بشریٰ کو14،14سال قید،سابق خاتون اول بنی گالہ منتقل،رہائشگاہ کوسب جیل قرار دےدیا گیا

راولپنڈی، اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ کو 14،14 سال قید بامشقت کی سزا سناتے ہوئے 10 سال کےلئے نااہل بھی قرار دےدیا۔ دوران سماعت احتساب عدالت کے جج بشیر نے سوال کیا آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا۔

عمران خان نے کہا میں نے بیان تیارکرلیا، بشریٰ اور میرے وکلا آئیں گے تو بیان جمع کراﺅں گا، بانی پی ٹی آئی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ میرے ساتھ دھوکہ ہوا مجھے تو صرف حاضری کیلئے بلایا گیا تھا، بانی پی ٹی آئی غصے سے کمرہ عدالت سے چلے گئے،عمران خان نے کہامجھے تھوڑا وقت دیں، وکلا آرہے ہیں تاہم جج بشیر نے وقت دینے سے انکار کردیا۔

بعد ازاں جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا آپ کمرہ عدالت آئیں، کارروائی مکمل کرنی ہے تاہم بانی پی ٹی آئی نے انکار کردیا، عدالت میں بار بار پکارے جانے پر عمران خان کمرہ عدالت میں آئے تو جج بشیر نے توشہ خانہ ریفرنس میںسابق وزیراعظم عمران خان ،بشریٰ کو14،14سال قید با مشقت کی سز اسناتے ہوئے دونوں کو مجموعی طور پر ایک ارب 57کروڑ 40لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا اور10سال کیلئے نااہل قراردےدیا،عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ نے اڈیالہ جیل پہنچ کر خود گرفتاری دےدی۔

دریں اثنا سابق خاتون اول بشریٰ کو اڈیالہ جیل کی بجائے بنی گالہ میں نظر بند کرکے رہائشگاہ کو سب جیل کادرجہ دےدیا گیا،ذرائع کے مطابق سابق خاتون اول کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے بنی گالہ منتقل کیا گیا،بشریٰ قید کی سزا بنی گالہ میں ہی کاٹیں گی۔

ادھر نیب رپورٹ کے مطابق عمران ،بشریٰ نے تحائف کی مد میںقومی خزانے کو ڈیڑھ ارب سے زائد کا نقصان پہنچایا،3ارب 16کروڑ کے تحفوں کی قیمت پاکستان میں ایک کروڑ 80لاکھ روپے لگائی گئی، نصف رقم 90لاکھ ادا کرکے تحائف پاس رکھ لئے، رپورٹ میں کہا گیا دونوںایک ارب 57کروڑ 37لاکھ روپے ادا کر کے ہی تحفہ رکھ سکتے تھے، سرکاری افسروں کیخلاف رشوت یا مالی فوائد لےکر کم قیمت بتانے کے ثبوت نہیں ملے، مالی فوائد کے ثبوت نہ ہونے پر سرکاری افسروں کو ملزم نہیں بنایا گیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے سزا کیخلاف فوری اپیل دائر کرنے کااعلان کردیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات روف حسن نے کہا بانی چیئرمین عمران خان اور اہلیہ کو لندن منصوبے کے تحت سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے جھوٹے و من گھڑت مقدمے میں سزا سنا کر انصاف کا خون کیا گیا،توشہ خانہ کے اصل مجرم نوازشریف، زرداری ،گیلانی ہیں جنہیں مقتدرہ نے گود لے رکھا ہے اور مردہ سیاست کو زندہ کرنے کیلئے انصاف کا خون کرکے عمران خان کو منفی کیا جارہا ہے، میرٹ و مواد سے یکسر خالی کینگرو جج کا انصاف کی بنیادوں سے محروم فیصلہ بھی عدل کی کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا۔

رو¿ف حسن نے کہا کہ کمپرومائزڈ ججز کے ذریعے سیاست و ریاست پر ظالمانہ قبضے کے سارے منصوبے عوام 8 فروری کو خاک میں ملائیں گے، کینگرو کورٹس کے ذریعے ملک سے عدل و انصاف کی بیخ کنی کا سلسلہ جلد انجام کو پہنچے گا،عمر ایوب نے کہافیصلہ نظام انصاف کی تضحیک ہے ،عدالتی نظام بدقسمتی سے مزید پستیوں میں جا گرا ،کینگرو عدالت کا فیصلہ اصول سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔

بیرسٹر گوہر نے کہاایک لیڈر کو خوش کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ کوسزائیں دی گئیں،بشریٰ کا توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں،احتساب عدالت نے ماضی میں ایسا فیصلہ کبھی نہیں دیا،ظلم ہوا ،سزا کےخلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، ہرناانصافی کےخلاف فیصلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے۔

وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا انصاف کا تقاضا پورا نہیں کیا گیا،بانی پی ٹی آئی پر کیسوں اور سزا غیرقانونی ہے، جرح کرنے کی اجازت نہ دی جائے تو مس ٹرائل ہوتا ہے،بابراعوان نے کہاجج صاحب آپ تو رات کو ہسپتال میں تھے پھر فیصلہ صبح کیسے آگیا، وفا کی تاریخ لکھی گئی ،کبھی ایسا نہیں ہوا خاتون گرفتاری کےلئے خود چل کر جیل گئی ہو۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ اور 190ملین پاﺅنڈ نیب کیسز میں بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دےدیا،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری نے تفصیلی فیصلہ جاری کیا،عدالت نے احتساب عدالت کے جج کی تقرری پر درخواست گزار کے اعتراضات مسترد کر دئیے،فیصلے میں کہاگیا بظاہر جیل ٹرائل درخواست گزار کی جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر ہے، بظاہر جیل ٹرائل بدنیتی پر مبنی نہیں،نیب قانون کے مطابق سیشن عدالت کے مقام کا تعین کرنا ایگزیکٹو کا اختیار ہے۔ ایگزیکٹو آرڈر موجود نہ ہو تو متعلقہ عدالت کسی دوسرے مقام پر سماعت کےلئے آرڈر جاری کر سکتی ہے۔

مزید برآں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان،بشریٰ کی دوران عدت نکاح کیس خارج کرنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کیس میں فرد جرم عائد ہو چکی، ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی۔