پرامن انتخابات یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کردار ادا کریں،ڈی سی نارووال

نارووال:(حسن نواز سے)ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کی زیر صدارت جنرل الیکشن 2024 کے حوالے سے خصوصی اجلاس کا انعقاد۔ڈیوکمانڈر بریگیڈیر علی،ڈی پی او نارووال رانا طاہر رحمن،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نارووال محمد جمیل،تمام حلقوں کے آر اوز اور اے آر اوز سمیت عسکری اداروں کے عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع نارووال میں جنرل الیکشن2024 کے حوالے سے بنائے جانے والے 829 پولنگ اسٹیشنز سمیت حساس نوعیت کے پولنگ اسٹیشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

پولنگ سٹاف کو پولنگ میٹریل سمیت متعلقہ اسٹیشنز پر بروقت پہنچانے اور الیکشن سیلز تک واپس لانے کی بابت بنائے جانے والے ٹرانسپورٹیشن،کمیونیکیشن اور سکیورٹی پلانز بارے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس اور حساس ترین نوعیت کے پولنگ اسٹیشنز پر پولیس سمیت رینجرز اور آرمی فورسز کی تعیناتی جیسے امور بھی زیر بحث لائے گئے۔

ڈی سی نے کہا جنرل الیکشن 2024 کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام تر سٹیک ہولڈرز اپنا اپنا کردار کریں تاکہ ہم سب مل کر اس قومی ذمہ داری کو بقدر احسن انجام دے سکیں بعد ازاں ڈیو کمانڈر 8 ڈیو بریگیڈئیر علی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو الیکشن پراسس کے پرامن انعقاد کی بابت تمام تر تعاون بہم مہیا کرنے اور مل کر اس ٹاسک کو انجام دینے کی یقین دہانی کرائی گئی۔