اسلام آباد،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)پاکستان ایران نے برادر ممالک کے درمیان رخنہ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام ،ایک دوسرے کی سلامتی و خودمختاری کا احترام یقینی بنانے ، دہشتگردی سے باہمی تعاون، بہتر رابطہ کاری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے اوراعلیٰ سطحی کمیشن قائم کرنے پر اتفاق کرلیا۔
اسلام آباد میں ایرانی ہم منصب کےساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاایران پاکستان کا دوست ،ہمسایہ ملک ہے، دیرینہ ثقافتی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ایرانی وفد سے تفصیلی بات چیت میں باہمی مفاد کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کی ترقی کےلئے اہم ہیں، پاکستان ایران سے تعلقات و مختلف شعبوں میں وسعت دینے کا خواہاں ہے ،دہشت گردی کا مسئلہ دونوں ممالک کا مشترکہ چیلنج ہے ،دہشت گردی کیخلاف مشترکہ کارروائیوں ،مضبوط لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔
جلیل عباس جیلانی نے کہااعلیٰ سطح لائحہ عمل پاکستان ،ایران کے مفاد میں ہے، ایرانی صدر کو انتخابات کے فوری بعد پاکستان آنے کی دعوت دی ،دونوں ممالک نے اعلیٰ سطح مشاورتی میکنزم کے قیام پر اتفاق کرلیا ،اعلیٰ سطح مشاورتی میکنزم دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہوگا۔
نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہاسرحدی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کا فروغ ،بارڈر مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیاں وقت کی ضرورت ہیں، تربت ،زاہدان میں دونوں ممالک کے نمائندہ افسر رابطے کےلئے موجود ہوں گے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے کہا پاکستان کےساتھ اہم برادرانہ، جغرافیائی تعلقات اہمیت کے حامل ہیں، ایران ،پاکستان کے عوام کو ایک ہی قوم سمجھتے ہیں،پاکستان کی سکیورٹی مقدم ہے، دہشتگردوں نے بہت نقصان پہنچایا،دہشت گردوں کو کسی قسم کا موقع نہیں دیں گے، مشترکہ بارڈر پر موجود دہشتگرد دونوں ممالک کی سلامتی کےلئے خطرہ ہیں۔
امیر عبداللہیان نے کہا پاکستان کی سکیورٹی کو ایران و خطے کی سکیورٹی کے طور پر دیکھتے ہیں، دہشت گردی کے ہاتھوں پاکستان ،ایران میں کئی لوگ شہید ہوچکے ، کوئی شک نہیں پاکستان ،ایران کے مشترکہ سرحدی خطے و ایرانی اور پاکستانی علاقوں میں دہشتگرد موجود ہیں جنہیں تیسرے ملک کی مدد و رہنمائی حاصل ہے، دہشت گردوں کومشترکہ سلامتی کونقصان پہنچانے نہیں دیں گے،دونوں ممالک نے بہت کم وقت میں موجودہ صورتحال پر قابو پایا، پاکستان گیس پائپ لائن پر چین،روس سے مالی مدد لے سکتا ہے، جرمانے کی خبریں غلط ہیں۔
قبل ازیں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی ،دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام موجود تھے،نگران وزیر خارجہ نے برادرانہ تعلقات پر زور دیا۔
ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق جیلانی عباس جیلانی نے ایران کےساتھ تعاون میں وسعت کیلئے پاکستانی عزم کا اعادہ،دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی و باہمی تعاون پر زور دیا،وزیر خارجہ نے کہا سکیورٹی تعاون پر مضبوط ادارہ جاتی میکانزم کا مکمل فائدہ اٹھایا جانا چاہئے، فریقین نے سکیورٹی و انٹیلی جنس تعاون کی مضبوطی کیلئے رابطہ افسروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے نوٹ کیا سلامتی و ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہیں، اقتصادی و ترقیاتی تعاون کیلئے اقدامات کو وسعت دیں گے،وزرائے خارجہ کی سطح پر مشترکہ کوآرڈی نیشن میکنزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا،وزیر خارجہ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو دورہ پاکستان کی دوبارہ دعوت بھی دی۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ امیر عبداللہیان نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، فریقین نے تاریخی، مذہبی و ثقافتی رشتوں کا ادراک کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اورایک دوسرے کے تحفظات کو زیادہ سے زیادہ سمجھنے پر زور دیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے ریاستی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے اسے مقدس، ناقابل تسخیر و ریاست سے ریاست کے تعلقات کی بنیاد قرار دیا،ملاقات میں اتفاق کیا گیا دہشت گردی مشترکہ خطرہ ہے ،باہمی تعاون، بہتر رابطہ کاری اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے نمٹنے کی ضرورت ہے، فریقین نے قریبی رابطے میں رہنے کااعادہ بھی کیا۔
آرمی چیف نے سلامتی خدشات کو دور کرنے کےلئے پائیدار رابطے و دستیاب مواصلاتی ذرائع کو استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا،دونوں فریقوں نے مشترکہ خطرات کےخلاف رابطہ کاری و ردعمل کو بہتر بنانے کےلئے ایک دوسرے کے ملک میں فوجی رابطہ افسروں کی تعیناتی کے طریقہ کار کو جلد سے جلد فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ اور آرمی چیف نے کہابرادر ممالک کے درمیان کسی کو بھی خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،دونوں ممالک کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہے، فریقین نے سرحدی علاقے میں امن، استحکام اور خوشحالی کےلئے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ٹرمپ نے ایران معاملے پر تمام ممکنہ آپشنز کھلے رکھے ہیں:جیرڈ کشنر
بلوچستان میں آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ12 دہشت گرد ہلاک
جینیفر بیریٹو 115 امیدواروں کو شکست دے کر مس یونیورس بن گئیں
آبنائے ہرمز کشیدگی کے باوجود پٹرول قیمتوں میں مسلسل کمی
ADB نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دیدی
طاقت کے مرکز کے قریب ہونے کا مطلب یہ نہیں دوسروں کو روند کر آگے بڑھا جائے:خواجہ آصف
پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو مخصوص ایجنڈے،نظریات کے فروغ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے: عطاتارڑ
پنجاب میں جنسی تشدد کی روک تھام، متاثرین کے تحفظ ، انصاف تک رسائی کیلئے جامع فریم ورک کا اجرائ
افسران کے مابین پیشہ ورانہ مہارتوں کا تبادلہ عوام دوست پولیسنگ کی بنیاد ہے :آئی جی پنجاب



















