اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) عدلیہ مخالف مہم پر 32 صحافیوں سمیت 110 افراد کو نوٹس۔ وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ تحقیقات قانونی ہےں، عدلیہ پر حملے ہوں تو چپ نہیں بیٹھ سکتے۔
جے آئی ٹی سربراہ اور متعلقہ حکام کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا اعلیٰ عدلیہ کےخلاف تضحیک آمیز و بہتان تراشی مہم پر تقریباً 600 سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کی تحقیقات ہوئیں، 32 صحافیوں سمیت 110 افراد کو نوٹسز جاری کردئیے ،اعلیٰ عدلیہ کےخلاف تضحیک آمیز و بہتان تراشی مہم پر وزارت داخلہ نے 16 جنوری کو معاملے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی۔ جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس 17، دوسرا 23 جنوی کو ہوا،سوشل میڈیا کے تقریباً 600 اکاﺅنٹس کی تحقیقات کی بنیاد پر تقریباً 100 انکوائریز رجسٹرڈ کردیں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاتقریباً 110 افراد کو نوٹس جاری کردئیے گئے، لگ بھگ 22 سیاسی کارکن یا سیاستدان ،32 صحافی شامل ہیں، نوٹس قانون کے تحت بھیجے گئے، کسی کو ہراساں کیا اٹھایا نہ رات کو دروازہ کھٹکھٹایا، اعلیٰ عدلیہ قانون کے مطابق شکایات پر فیصلے کرےگی۔ عدالت، قانون اپنا راستہ خود لے گا اور اب تک کی تمام کارروائی قانون کے مطابق ہے،آئین وعدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاآرٹیکل 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی لامحدود نہیں، مناسب پابندیاں موجود ہیں، سپریم لا آف لینڈ میں درج ہے مسلح افواج، عدلیہ کےخلاف آئین و قانون کے دائرے سے باہر مہم نہیں چلائی جا سکتی، معاملے پر بات تنقید نہیں۔ تضحیک ،کردار کشی کی ہو رہی ہے، اعلیٰ عدلیہ کےخلاف مہم کسی طور پر بھی تنقید کے زمرے میں نہیں آتی، تنقید کو تہذیب کے دائرے میں رکھیں اور بہتان تراشی سے گریز کریں۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہاقانون سازی پارلیمان ،نوٹس دینا متعلقہ اداروں کا اختیار ہے، جے آئی ٹی بننے کے بعد کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا، جے آئی ٹی بننے کے بعد بہتان تراشی، کردار کشی اور غلیظ حملے کرنے کی مہم میں واضح کمی آئی ،معاملہ عوامی رائے اور ایک قانون کی عدالت کا ہے، قانونی سوالات قانون کی عدالت میں رکھیں گے، نہیں ہو سکتا یکطرفہ طور پر حکومت، اداروں اور اعلیٰ عدلیہ پر حملے ہوں، حقائق بتانا ضروری ہے، قانونی سوالات کے جوابات قانون کی عدالت میں پیش کریں گے،موجودہ جے آئی ٹی کا دائرہ اختیار واضح ہے،عدلیہ پر حملے ہوں توچپ نہیں بیٹھ سکتے،ایف آئی اے قانون کے مطابق کام کر رہا ہے،کسی کو نوٹس ملنے کا مطلب مجر م ہونا نہیں۔
ڈی جی ایف آئی اے اسحاق جہانگیر نے کہا ضروری نہیں ہر نوٹس پر ایف آئی آر درج ہو، جے آئی ٹی بننے کے بعد غیر یقینی کی فضا میں کمی آئی ،جے آئی ٹی بننے کے بعد بہت سے لوگوں نے اپنی ٹوئٹس ،پوسٹس ڈیلیٹ کردیں،نوٹس دینے کا مطلب ہے آپ آکر اپنا موقف دیں،افراتفری پھیلائی گئی ایسا نہیں ہونا چاہیے۔
ججز مخالف مہم،صحافیوں سمیت 110افراد کو نوٹس،تحقیقات قانونی، عدلیہ پر حملے ہوں تو چپ نہیں بیٹھ سکتے: حکومت


















