پنجاب سے کینیڈا افرادی قوت بھجوانے کےلئے ایم او یو پر دستخط ،معاشی ترقی کے نئے سفر کا ہو گا :محسن نقوی

لاہور ( خبر نگار)پنجاب سے کینیڈا کو افرادی قوت بھیجنے کےلئے ایم او یو پر دستخط ہو گئے،کینیڈا کے شہر وینکوور میں حکومت پنجاب اور پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کے مابین افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کےلئے مفاہمتی یادداشت پر صوبائی وزیر ایس ایم تنویر اور بشریٰ رحمن نے دستخط کیے،ایم او یو پردستخط کی تقریب وینکوور میں کنیڈین قونصل خانے میں ہوئی، قونصل جنرل جانباز خان نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی ، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ایم او یو پر دستخط کے وینکوور میں موجودوزارتی وفد کو اپنے خصوصی پیغام میں مبارکباد دی اور کہا پنجاب سے کینیڈا افرادی قوت بھجوانے کا ایم او یو معاشی ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہے،پاکستان ویسٹرن کینیڈا ٹریڈ ایسوسی ایشن کی پنجاب سے کنیڈین صوبوں برٹش کولمبیا اور البرٹوکےلئے لیبر بھجوانے کی درخواست کی گئی تھی اورمشترکہ مفاد کےلئے مذہبی اور تعلیمی سیاحت کو فروغ دینے کےلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا ، پنجاب کی نگران صوبائی کابینہ افرادی قوت کینیڈا بھجوانے کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے چکی ہے، صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے کہا یادداشت کا مقصد پنجاب اور کینیڈین صوبوں برٹش کولمبیا اور البرٹا کے مابین معاشی سرگرمیوں کا فروغ ہے، قرار داد مفاہمت پر دستخط سے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پنجاب حکومت کا3رکنی وزارتی وفد معاہدے کےلئے کینیڈا کے دورے پر ہے، وفد میں وزیر تجارت ایس ایم تنویر، وزیر تعلیم منصور قادر اور وزیر سیاحت عامر میر شامل ہیں۔