کھلاڑی مہر وسیم ن لیگ میں شامل،مریم نواز کے حق میں دستبردار

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)ن لیگ کو بڑا بریک تھرو مل گیا، این اے 119 سے پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی سے امیدوار مہر وسیم سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے حق میں دستبرار ہوگئے۔

مہر وسیم نے مریم نواز سے ملاقات کرکے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان بھی کردیا، باضابطہ اعلان 25 جنوری کو جلسے میں کریں گے۔

مریم نواز نے مہر وسیم، ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاآپ نے ترقی کے قافلے میں شمولیت اختیار کرلی، 2018 سے 2022 تک نااہلی کا اثر پورے پاکستان نے دیکھا و بھگتا، خواتین رو رہی ہیں گھروں میں گیس نہیں آرہی، سیاسی مخالفین کو رلانے کی خواہش رکھنے والوں کے پیدا کردہ مسائل کی وجہ سے آج پورا پاکستان رو رہا ہے، پوری دنیا نواز دور میں ہونےوالی ترقی کی مثالیں دیتی ہے، لاہور میں ترقی کی مثالیں دی جاتی تھی لیکن وہی لاہور گندگی کا ڈھیر بن گیا۔

سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا پاکستان، پنجاب اور لاہور کے چپے چپے پر نواز، شہباز کی خدمت کے نشان ہیں، خدمت کرنا مشکل کام ہوتا ہے لیکن امتحان میں صرف نواز، شہبازسرخرو ہوئے، عوام کو پتہ ہے کام کس نے کیا، سیاسی انتقام کس نے لیا، جھوٹ کس نے بولا، پارٹی پر بہت برا وقت آیا لیکن چھوٹا یا بڑا کوئی لیڈر، کارکن، کونسلر بھی چھوڑ کر نہیں گیا، مسلم لیگ (ن) نہیں ایک خاندان ہیں، خون کے رشتوں سے زیادہ آپس میں جڑے ہیں، کارکن سگے بھائیوں کی طرح ہیں، گزشتہ روز کارکن گاڑی سے گر کر زخمی ہوگیا جس کا بہت دکھ ہے، زخمی کارکن کو فون کرکے خیریت پوچھی، زخمی بچے نے کہا نوازشریف کےلئے جان بھی حاضر ہے، یہ ہے جذبہ کارکنوں کا۔

مریم نواز نے کہاآپ کا مستقبل و ترقی نوازشریف کےساتھ جڑی ہے، نوازشریف کو نکال دیں تو ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا، شہباز دور میں پنجاب میں ہر منصوبہ ، ہر نوکری میرٹ پر تھی اسی پنجاب کو تباہ کیا اور ہر نوکری رشوت سے ملتی تھی،پانی، بجلی و گیس سمیت عوام کا ہر مسئلہ حل کریں گے، اگلے 5 سال عوام کی خدمت کا ایجنڈا بنالیا، کارکن میرے بھائی و بازو بن کر باہر نکلیں، عوام کو مہنگائی و مسائل سے نجات دلانے میں نوازشریف کا ساتھ دیں، حلقے میں رہنے والے ہر فرد و گھرانے کی ترقی ترجیح ہوگی، ہر کارکن نوازشریف ہے۔