انتخابی مہم و پارٹی بیانیہ پھیلانے کیلئے سوشل میڈیا اہم ذریعہ

لاہور:(خبر نگار)سوشل میڈیا انتخابی مہم اور پارٹی بیانیہ پھیلانے کیلئے اہم ترین ذریعہ بن گیا،سوشل میڈیا اب عام آدمی تک رسائی کےلئے ہر سیاسی جماعت کی ضرورت بن چکا ،الیکشن 2024کی انتخابی مہم کےلئے سیاسی جماعتیں و امیدوار ماضی کی نسبت سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ کر رہے ہیں ،بھاری رقوم بھی خرچ کی جا رہی ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے پاس سوشل میڈیا پر انتخابی مہم چلانے کے اخراجات کو چیک کرنے کا کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔

ن لیگ،پی ٹی آئی ، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی، جمعیت علما اسلام، ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے سوشل میڈیا ونگ بنا رکھے ہیں اور لاکھوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں،مرکزی سوشل میڈیا ونگ کے علاوہ مقامی طور پر قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے بھی اپنی اپنی سوشل میڈیا ٹیمیں بنالیں،تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے انتخابی مہم کےلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کیاجارہاہے۔