انسداد بجلی چوری مہم، 132 روز میں 17195 ملزمان گرفتار، ڈھائی ارب سے زائد وصولیاں

لاہور (خبرنگار) لاہورالیکٹرک سپلائی کمپنی کی انسداد بجلی چوری مہم کے دوران مزید394ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،132روز سے جاری مہم میں 45501ملزمان بجلی چوری کرتے پکڑے گئے جبکہ 17195ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی کے چوروںکے خلاف 42481 درخواستوں پر مقدمات درج کرلئے گئے۔بجلی چوروں کو اب تک 6 کروڑ61لاکھ 82ہزار 780یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت 2 ار ب 57کروڑ17لاکھ 86 ہزار 313 روپے بنتی ہے۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کارروائیوںکے دوران13ملزمان کو گرفتار کیا گیا، 394کنکشنوں منقطع کرکے ان کو3لاکھ 21ہزار484یونٹس ڈیٹکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ9لاکھ 30ہزار183روپے بنتی ہے۔ دریں اثناء ڈیفنس ایسٹ ڈویژن کی مختلف علاقوں میں کارروائی، بجلی چوری میں ملوث درجنوں افرادپکڑے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس ایسٹ ڈویژن کے حکام نے مختلف سب ڈویژنز کی حدود میں چیکنگ آپریشن کیا، اس دوران مجموعی طور پر 59ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 7ملزمان کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے، 10 ملزمان ٹمپر میٹر کے ذریعے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 14 کنکشنوں کے ڈسپلے غیر واضح تھے جبکہ 5میٹر مکمل طور پر غیر فعال تھے۔ علاوہ ازیں لکھن شریف سکیم کے علاقے میں 40ملزمان بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ج میں سے 4 کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ڈی او واہگہ نے ایکسین شالیمار کی ہدایت پر اپنی ٹیم کے ہمراہ لکھن شریف سکیم کے علاقے میں آپریشن کیا۔تمام غیر قانونی کنکشنز کو منقطع کردیا گیا جبکہ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواستیں بھی جمع کروادی گئی ہیں۔ لیسکو حکام نے ملزمان کوڈٹیکشن بل کی مد میں مجموعی طور پر 55442یونٹ بھی چارج کئے ہیں جن کی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔