علی پور چٹھہ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کلین اپ شروع

علی پورچٹھہ: (تحصیل رپورٹر) ڈپٹی کمشنر وزیر آباد فیاض احمد موہل اور اسسٹنٹ کمشنر محمد سلیم آسی کی ہدایات کے مطابق علی پور چٹھہ سے ناجائز تجاوزات کے خلاف ایڈیشنل انسپکٹر انفورسمنٹ سید علی اقدس شاہ کی قیادت میں گرینڈ آپریشن کیا گیا ۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی اقدس شاہ نے کہا کہ اعلی افسران کی ہدایات کے مطابق شہر کو نیٹ اینڈ کلین کرنے کیلئے جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے ہر صورت پورا کیا جائے گا ۔ اور اس سلسلہ میں کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔ اللہ والا چوک گوجرانوالہ روڈ قادر آباد روڈ رسول نگر روڈ کمیٹی بازار تھانہ بازار میں آپریشن کلین اپ کر دیا گیا ہے دوبارہ تجاویزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے اور ان کے خلاف سخت ایکشن ہوگا ۔

سید علی اقدس شاہ نے مزید کہا شہریوں کی آمدورفت میں حائل مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں مرکزی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ، آپریشن کلین اپ کے دوران دکانداروں سمیت دیگر افراد کو وارننگ دی گئی ،آئندہ خلاف ورزی کرنے کی صورت میں جرمانہ سامان ضبط ایف آئی آر سمیت دکان سیل کی جائے گی انہوں نے کہا کہ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا ۔ سی او میونسپل کمیٹی عمیر سلطان کی سرپرستی میں یہ اپریشن جاری رہے گا۔

عوامی و سماجی حلقوں نے کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کام قابل ستائش ہے اور حکام مبارکباد کے مستحق ہیں جو اس سارے کام میں شامل ہیں ۔آخر پر سید علی اقدس شاہ نے میڈیا نمائندگان کا بھی شکریہ ادا کیا۔