ڈسکہ:(محمد امین خان)وزیر اعلی پنجاب کی تجاوزات کے خلاف مہم دھری کی دھری رہ گئی ،کچہری چوک ،فوارہ چوک اورمین بازار ڈسکہ میں تجاوزات کی بھر مار ہوگئی سٹرکیں اور بازارسکڑ گئے، پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا۔
فوارہ چوک پسرور روڈ چوک ،مین بازار ،کچہری چوک میں دکانداروں نے مستقل تجاوزات قائم کر رکھی مین بازار ڈسکہ و دیگر ملحقہ بازاروں میں دکانداروں کو تھڑے ہزاروں رو پے یومیہ کی بنیاد پر فروخت کررکھے ہیںان تھڑوںپر اور اس سے آگے بازار میں لوگوں نے سامان لگا رکھا ہے اور جب خریداری کیلئے خواتین ان جگہوں پر کھڑی ہو تی ہیں تو رش کی وجہ سے بازار سے گذرنا مشکل بلکہ نا ممکن ہوجاتا ہے مین بازار اور ملحقہ بازاروں میں رہائشیں ہونے کی وجہ سے ان گھروں کی خواتین کے ساتھ ساتھ طالبات کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تجاوزات مافیا کی قائم کی گئی تجاوزات کی وجہ سے لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ قبضہ مافیا اتنا طاقتور ہے کہ مقامی انتظامیہ کارروائی سے گریزاں ہے۔ تجاوزات کی وجہ سے مین بازار کے باہر فوارہ چوک اور پسرور روڈ چوک اورکچہری چوک میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے۔ اہلیان ڈسکہ نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوارہ چوک ،پسرور روڈ چوک ،کچہری چوک اور مین بازارمیں تجاوزات کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
ڈسکہ میں تجاوات کی بھرمار، حکومت کی مہم دھری کی دھری رہ گئی
















