گرانفروشی کی روک تھام یقینی بناکر صارفین کو ریلیف دیا جائےگا، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

بہاولنگر:(ڈسٹرکٹ رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بہاولنگر کے عوام الناس کو مہنگائی سے ریلیف مہیا کرنے کیلئے نئی قیمتوں کا تعین تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی مشاورت، اوپن وہول سیل مارکیٹ اور دیگر اضلاع میں رائج قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تاکہ ناجائز منافع خوری کی روک تھام یقینی بنا کر صارفین کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے ڈی سی آفس کے میٹنگ روم میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، ڈی ایس پی ابرار احمد ،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز طاہر محمود،ڈسٹرکٹ ممبر پرائس کنٹرول کمیٹی و نما ئندہ صارفین محمد رفیق رحمانی،صدر رنجمن تاجران ساجد محمود سند ھو ،جنرل سیکرٹری انجمن تاجران نسیم صادق ،ملک محمد اکرم ،میاں محمد احمد لالیکا ،اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر نفاذ اور ان پر عملدرآمد 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا۔ انجمن تاجران و کریانہ مرچنٹس ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو موثر بنانے کیلئے اپنا تعاون اور کلیدی کردار ادا کریں،ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی، تاجر تنظیمیں اور تاجر رہنماءکمیٹی کے فیصلوں کو نچلی سطح پر منتقل کریں اور اس با ت کو یقینی بنایا جائے کہ ریٹ لسٹیں اور ریٹ بورڈ نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائیں۔جو دکاندار اس پر عملدرآمد نہ کرے اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔