لاہور (کامرس رپورٹر) چینی قونصل جنرل ژاﺅ شیریں کی قیادت میں چینی ماحولیاتی ماہرین کے ایک وفد نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے ماحولیاتی مسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔اس موقع پر انوائرمنٹ انجینئرنگ اسیسمنٹ سنٹر چائنہ کی ژو ہائی ہونگ، ڈی جی انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ ظہیر عباس ملک، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری اور چائنیز اکیڈمی آف انوائرمنٹل سائنسز کے نمائندوں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔چینی قونصل جنرل ژاﺅ شیریں نے کہا کہ ماحولیاتی ماہرین کے وفد کو چینی قونصلیٹ اور وزارت تجارت پاکستان نے لاہور اور پنجاب میں ایئر کوالٹی کا جائزہ لینے اور آلودگی میں کمی کیلئے تعاون کی غرض سے مدعو کیا تھا۔ انہوں نے چینی وفد کی میزبانی پر لاہور چیمبر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے لاہور چیمبر اور چینی قونصلیٹ کے درمیان بہترین تعاون کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سٹیل بنانے والے دو فیکٹریوں کے دورہ کے موقع پر سکربرز دیکھے جو اچھی شروعات ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چینی دوستوں کو سراہا جنہوں نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی دعوت پر لاہور کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ جان کر واقعی حیرت ہوئی کہ چین نے گزشتہ چند سالوں میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس کے نتیجے میں سموگ سے نمٹنے میں کامیابی ملی ہے۔ چینی حکومت کی جانب سے ایمیشن کے سخت معیارات پر عمل درآمد، کلینر ٹیکنالوجیز کے فروغ اور شہری علاقوں میں گرین زونز کے قیام جیسے اقدامات نے ایئر کوالٹی میں نمایاں بہتری کی ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ اسی طرح چین میں قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر توجہ اور الیکٹرک گاڑیوں کو اپنانے نے بھی فضائی آلودگی کی سطح کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چین نے 7 سالوں میں فضائی آلودگی کو تقریباً اتنی کم کیا ہے جتنا کہ امریکہ نے تین دہائیوں میں کیا تھا۔ یہ کامیابیاں واقعی قابلِ ذکر ہیں اور دوسری قوموں کیلئے قابل تقلید ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر نے حکومت پنجاب کی کاوشوں کی تعریف کی جو کہ بہت سے طریقوں سے عوام کو مزید ذمہ داری سے کام کرنے کی تعلیم دے رہی ہے اور کہا کہ میڈیا بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان بھی زرعی اجناس کو جلانے کے خطرات سے پوری طرح واقف نہیں ہیں۔ یہ حکومت اور سول سوسائٹی کی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں کچھ بہتری آئی ہے۔ظہیر عباس ملک، ڈی جی انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ جب ہم نے ایئر کوالٹی انڈیکس کیلئے کام کرنا شروع کیا تو ہمیں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ ماحولیات کو تکنیکی اور وسائل دونوں طرح کے مسائل کا سامنا ہے، اسکے باوجود لاہور، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں صنعت کی طرف سے جو تعاون کیا گیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ڈی جی نے کہا کہ لاہور چیمبر اور ای پی اے کے درمیان تعاون نجی اور سرکاری شعبوں کے درمیان تعاون کی بہترین مثال ہے۔ نجی شعبے کی مسلسل حمایت اور سرپرستی کے باعث ہم اس سال فضائی آلودگی میں 14 سے 15 فیصد تک کمی لانے میں کامیاب رہے ہیں۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر اس سلسلے میں شعور و آگہی پیدا کرنے کیلئے آگاہی سیشن منعقد کررہا ہے۔ چائنیز اکیڈمی آف انوائرمنٹل سائنسز کے نمائندوں نے درمیانی اور طویل مدت کی پالیسیاں وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ماحولیات بہتر بنانے کیلئے قوانین کا نفاذ، مضبوط پالیسیاں ضروری ہیں: چینی ماہرین
















