اسلام آباد (مشر ق نیوز) آڈیٹر جنرل پاکستان نے وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹ 2024-25 جاری کر دی۔آڈیٹرجنرل پاکستان کی مالی سال 2024-25 کی آڈٹ رپورٹ میں وفاقی حکومت کے مالیاتی نظام میں سنگین خامیوں، بجٹ سے زائد اخراجات اور سرکاری فنڈز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے 39 ہزار 345 ارب روپے کے منظور شدہ بجٹ کے مقابلے میں 41 ہزار 335 ارب روپے خرچ کئے، مجموعی اخراجات کا 84.31 فیصد قرضوں کی ادائیگی پر صرف ہوا جبکہ سماجی اور ترقیاتی کاموں کیلئے صرف 15.69 فیصد رقم باقی بچی۔ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 3 ہزار 177 ارب روپے کے اخراجات پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرائے گئے جبکہ بجٹ میں درست تخمینہ نہ لگانے کے باعث مزید 3 ہزار 809 ارب روپے مانگے گئے۔
دستاویز کے مطابق 11 ہزار 674 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں میں سے 6 ہزار 583 ارب روپے صوبوں کو منتقل کئے گئے جس کے بعد وفاقی حکومت کے حصے میں خالص آمدن 5 ہزار 90 ارب روپے رہی۔ آڈیٹر جنرل نے اندرونی مالیاتی کنٹرول کی کمزوریوں کے 78 کیسوں کی نشاندہی کی جبکہ آڈٹ کی نشاندہی پر 2 ارب 26 کروڑ روپے کی ریکوری بھی کی گئی۔
مزید برآں رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف محکموں میں 87 ارب روپے سے زائد کا بجٹ استعمال نہ ہونے کے باعث لیپس ہوگیا جبکہ 41 ارب روپے کی اضافی گرانٹ بھی خرچ نہیں کی جاسکی۔ سرکاری ملازمین کے جنرل پراویڈنٹ فنڈ اکاونٹس میں جمع رقوم کا ریکارڈ غائب ہونے اور وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے 7 ارب 49 کروڑ روپے پبلک اکاونٹ میں منتقل کئے جانے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
آڈیٹرجنرل نے سرکاری فنڈز میں خوردبرد اور فرضی ادائیگیوں کے سنگین معاملات تحقیقاتی اداروں کو بھجوانے، مالیاتی کنٹرول بہتر بنانے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر اضافی فنڈز خرچ نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔
بجٹ سے زائد اخراجات اورسرکاری فنڈز کے ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی
















