ریمانڈ استدعا مسترد،شیخ رشید جیل منتقل،الیکشن لڑنے کی اجازت

راولپنڈی ،لاہور:(بیورورپورٹ)9مئی مقدمے میں گرفتار شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد ،عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز آصف نے 9 مئی مقدمات کیس پر سماعت کی ،پولیس کی جانب سے 30روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی گئی،تھانہ نیو ٹاون تفتیشی ٹیم نے کہا شیخ رشید کی تقریروں کے سونو گرافی، فوٹو گرافک ٹیسٹ کرانے ہیں، متنازع تقاریر موجود ہیں،عدالت نے استفسار کیا تقاریر کہاں ہیں عدالت میں سنوائیں، پراسیکیوٹر نے کہاشیخ رشید کی تقاریر یو ایس بی میں ہیں، جج نے کہا یو ایس بی کہاں ہے؟۔

پراسیکیوٹر نے کہا تھانے میں، جج نے فوری طور پر تھانے سے یو ایس بی منگوانے کا حکم دیا، سماعت میں وقفے کے بعد ٹیم شیخ رشید کی تقاریر پر مبنی یو ایس بی لےکر عدالت پہنچی،شیخ رشید کے وکیل نے کہا 9مئی جی ایچ کیو حملہ کیس انتقامی کیس ہے شیخ رشید کسی جگہ موجود نہیں تھے۔

تفتیشی افسر نے کہاشیخ رشید کو لاہور فرانزک لیبارٹری سونو گرافک ٹیسٹ کیلئے لے کر جانا ہے، قانون کے مطابق 30 دن جسمانی ریمانڈ لے سکتے ہیں ایک ہی بار 30 روزہ جسمانی ریمانڈ دےدیا جائے،عدالت نے پوچھا تفتیشی افسر مجھے قائل کرے جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟ گرفتاری کے بعد سے اب تک کیا سوالات پوچھے؟جواب کیا ملے بتایا جائے، مجھے مطمئن نہ کیا تو جسمانی ریمانڈ بھول جائیں، رات بھر اور اب تک کی تفتیشی کی رپورٹ دیں مجھے کہانیاں نہ سنائیں ۔

بعدازاں جج نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی اور کہا ملزم شیخ رشید سے کچھ برآمدگی نہیں کرنی ،جسمانی ریمانڈ کا کوئی جواز نہیں بنتا، عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجتے ہوئے 30 جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

دریں اثنا کمرہ عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا پی ٹی آئی کا جو ورکر مجھے ووٹ نہیں دے گا وہ پی ڈی ایم کا ساتھی ہوگا، میں نے 40 دن چلہ کاٹا کوئی پریس کانفرنس نہیں کی، کوئی میری پریس کانفرنس ثابت کر دے سیاست چھوڑ دوں گا۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کو الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی،شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے سماعت کی،لاہور ہائی کورٹ نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ درست قرار دے دیا،درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی حقائق کے برعکس منظور کیے گئے ، عدالت ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے،شیخ رشید کے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی کی منظوری کےخلاف اپیل کو خارج کر دیا گیا۔