لاہور (کامرس رپورٹر) نگران صوبائی وزیر زراعت،صنعت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیرصدارت پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان کے (2024-34) تیسرے اجلاس کا زراعت ہاوس لاہور میں انعقاد ہوا۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب ایس ایم تنویر نے اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان صوبہ کی زرعی ترقی کیلئے مکمل گیم چینجر ثابت ہوگا۔ یہ پلان نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پر تیار کیا گیا ہے جس سے پانی کے وسائل میں بہتری،زرعی تحقیق کیلئے ریفامز اور مارکیٹ و زرعی شعبہ سے متعلقہ انڈسٹری کے نظام میں بہتری اور جدت لانے کی تجاویز شامل ہیں جن کو تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو ارسال کیا جائیگا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ سمیت دیگر اعلیٰ افسران،ترقی پسند کاشتکاروں و دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اس موقع پر14 ورکنگ گروپس کی سفارشات کی روشنی میں پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان سے متعلق وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان نے شرکاءکوبریف کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر نے سیکرٹری زراعت پنجاب اور اُن کی ٹیم کو زرعی ترقی کیلئے ایک جامع پلان تیار کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس پلان کی تیاری کیلئے سیکرٹری زراعت پنجاب سخت محنت کر رہے ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے کہا کہ زرعی شعبہ میں صرف اور صرف سرمایہ کاری سے بہتری لائی جا سکتی ہے۔ پلان بنانے کا مقصد زمین اور پانی کے وسائل کا بہترین استعمال کرنا ہے تاکہ فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔اس پلان پر عملدرآمد سے ریسرچ ریفامز کے تحت تحقیقی سرگرمیوں میں جدت آئیگی ۔اسکے علاوہ ایگرو ایکالوجیکل زونز کے مطابق زرعی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائیگا۔پلان پر عملدرآمد سے اہم فصلات کو ہونے والے10 تا15 فیصد پوسٹ ہارویسٹ نقصانات سے بچایا جا سکے گا ۔اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے زراعت کے شعبہ کو درپیش چیلنجز اور اُن کے مسائل کے حل کے لئے اپنے تجربات شئیر کئے اور پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان2024-34 کی سفارشات کو حتمی شکل دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔
پنجاب ایگریکلچر سٹرٹیجک پلان زرعی ترقی کیلئے مکمل گیم چینجر ثابت ہوگا:ایس ایم تنویر
















