ترقی، ٹیکس اصلاحات،توانائی بحران ،مہنگائی کا خاتمہ ،ن لیگ کا پلان تیار

اسلام آبادلاہور،(بیورورپورٹ اپنے رپورٹر سے)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت معاشی ماہرین کےساتھ اہم مشاورتی اجلاس میں شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات طے کرلیے گئے۔

اجلاس میں سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی اور ملکی معاشی مسائل کے حل کےلئے اصلاحات اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی معاشی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دےدی گئی جس میں قابل ذکر شرح ترقی میں اضافے، ٹیکس اصلاحات، توانائی کے بحران کا خاتمہ ، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں زراعت، صنعت، آئی ٹی کی ترقی کے مراعات پر مبنی پیکیج تیار اور سالانہ بنیادوں پر روزگار کی فراہمی، نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کےلئے پالیسی نکات مرتب کرلئے گئے،ذرائع کے مطابق زرعی مقاصد کےلئے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی کی فراہمی، گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کا تعین بھی پیکیجمیں شامل ہیں جبکہ تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کےلئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کر لی گئیں۔

علاوہ ازیں اجلاس میں قومی ترقی کو تیز کرنےوالے اقدامات سے مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق جبکہ معاشی منصوبہ مختلف شعبوں کے ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں طے کیاگیا۔

دوسری جانب ن لیگ کے قائد نوازشریف سے نیشنل پارٹی کے صدر ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی قیادت میں وفد نے جاتی امراءرائے ونڈ میںملاقات کی ،ملاقات میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف بھی شریک ہوئے

قائد ن لیگ نے وفد سے گفتگومیں مرحوم میر حاصل خان بزنجو کی ملک وقوم اور جمہوریت کےلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ، عبدالمالک بلوچ نے مقدمات سے بریت پر نوازشریف کو مبارک پیش کی، ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عبدالمالک بلوچ نے ملک بالخصوص بلوچستان کی ترقی کےلئے نوازشریف کے ویژن اور کاوشوں کو بھی سراہا ، دونوںجماعتوںکے قائدین نے پاکستان کےلئے ملکر چلنے اور سیاسی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

ن لیگ کے قائد نواز شریف سے صوبائی حلقہ پی پی 165سے ٹکٹ ہولڈر شہزاد نذیر سندھو نے جاتی امرا رائے ونڈ میں ملاقات کر کے آئندہ عام انتخابات اور علاقے کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،ملاقات کے دوران حاجی نذیر سندھو ،اشفاق سندھو ،حافظ عمران صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

نواز شریف نے کہا بھرپور تیاری کےساتھ انتخابی میدان میں اتر ے ہیں ، عوام کی تائید سے کامیابی حاصل کر کے ملک کو درپیش مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائےگی۔