نواز شریف پر ظلم کرنےوالا ایک ایک کردار عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے: مریم

اوکاڑہ :(شہروز علی)سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہاہے دہشتگرد جماعت کو انتخابی نشان نہیں مل سکتا،نوازشریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے،قدرت کی لاٹھی ہر جگہ اپنی آواز دکھا رہی ہے، قدرت کے اصول میں معافی ہے لیکن ظالم کےلئے کوئی معافی نہیں، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے اپنی باری آئی تو منہ چھپا کر اور جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں،نواز شریف کی طرح سچا انسان شیر کی طرح ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے بھاگتا نہیں۔

اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہااوکاڑہ کے لوگوں نے مجھے زندگی بھرکیلئے خرید لیا ،نوازشریف اور عوام پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ رہا ہے، انتقام نوازشریف نہیں قدرت لے رہی ہے، قدرت کی عدالت نے پاکستان اور نوازشریف سے ہونے والے ظلم کا سوموٹو لے لیا، قدرت کی لاٹھی اثر دکھا رہی ہے۔

چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہا مخالفین دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے فرعون بنے ہوئے تھے، آج اپنی باری آئی تو دم دبا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں، عدالتوں کے احاطوں سے جوتی چھوڑ کر دوڑ لگانے کی کہانی آپ نے اپنی آنکھوں سے دیکھی، جب انسان نوازشریف کی طرح سچا ہوتا ہے تو شیر کی طرح کھڑا ہوتا ہے، نوازشریف عزت سے گھر گیا تھا لیکن یہ ذلت سے گئے ہیں، اوکاڑہ والوں قدرت کے اصول میں گناہ گار کی معافی ہے ظالم کی نہیں، نوازشریف کے دور میں آپ کو سستی بجلی، گیس، پٹرول اور چینی ملتی تھی، انہوں نے سازش کر کے نوازشریف سے اقتدار چھینا، لوگوں کو مزدور کی آہ لگی ہے۔

مریم نواز نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کل پرسوں سے شور مچا رہے ہیں انتخابی نشان لے لیا ، تم کہتے ہو تمہارا نشان بلا تھا، تمہارا انتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جو اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوتا تھا، وہ ڈنڈا تم نے پاکستان کی عوام اور روٹی پر چلایا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے تھی جو تم نے چوری کی، ہم کہتے ہے تمہارا انتخابی نشان ڈنڈا یا پٹرول بم ہونا چاہیے، ایک سیاسی جماعت کو انتخابی نشان تو مل سکتا ہے مگر ایک دہشتگرد جماعت کو انتخابی نشان نہیں مل سکتا، اوکاڑہ کے عوام تمہیں پتلی گلی سے نہیں نکلنے دیں گے۔

لیگی رہنما نے کہا اسے لاڈلے پن کی عادت تھی، اس کو عدالت سے ”گڈ ٹو سی یو“ سننے ،سہولت کاری کی عادت تھی، ”ہن او سہولت کاریاں نہیں ریاں“، اب اس کو سہولت کاری رہی نہ سہولت کار رہے، پی ٹی آئی وکلا تیاری کر کے عدالت جایا کریں، اب فون کرا کے فیصلے لینے کی سہولت میسر نہیں، اب فیصلے قانون کرے گا، اب ”ساس“ کے فیصلوں کی سہولت میسر نہیں،انٹراپارٹی الیکشن کے سوال کا جواب نہیں تھا، سب کو بلامقابلہ منتخب کرایا گیا، کونسی جمہوریت میں ہوتا ہے؟ آپ جعلسازی کرو گے اور پوری دنیا آپ کی جعلسازی کو دیکھے گی، خیبر پختونخوا کے چھوٹے سے گاوں میں جعلی الیکشن کرا کے عدالت آپ کے گلے میں ہار نہیں ڈالے گی۔