پرویز،مونس کی اپیلیں مسترد،قیصرہ الٰہی الیکشن کیلئے اہل

لاہور،کراچی:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)پرویز،مونس کی اپیلیں مسترد،قیصرہ الٰہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں قائم الیکشن رٹ پٹیشنز پر فل بنچ نے سماعت کی،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی، اہلیہ قیصرہ اور مونس الٰہی سمیت دیگر کے کاغذات مسترد کرنے کےخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

پرویز الٰہی کے وکیل شہزاد شوکت نے دلائل دیتے ہوئے کہاکاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام عائد کیا گیا،قانون کے مطابق کاغذات میں تمام چیزیں درج ہیں، پرویز الٰہی سینئر سیاست دان ہیں ،الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے،تصدیق و تجویز کنندہ کو گرفتار ، امجد پرویز ایڈووکیٹ پرویز الٰہی کے کاغذات نامزدگی جمع کرنے گئے تو حراست میں لیا گیا۔

جسٹس باقر نجفی نے وکیل سے استفسار کیا یہ تو الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی بروقت احکامات جاری کرتا کیا آپ نے کوئی شکایت الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ؟،وکیل پرویز الٰہی نے کہا عدالت سے رجوع کیا اور عدالتی احکامات کے بعد آر او آفس جانے کی اجازت ملی،بعد ازاں سماعت مکمل ہونے پر 3رکنی بنچ نے پرویز الٰہی کی اپیل مسترد کردی اور ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے قیصرہ الٰہی کو این اے 64 ،پی پی 32 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی۔

علاوہ ازیں عدالت نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےخلاف مونس الٰہی کی درخواست مسترد کرکے ایپلٹ ٹربیونل کا کاغذات مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

دوسری جانب سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اور اہلیہ فہمیدہ مرزا نے ایپلٹ ٹریبونل کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا،بیٹے نے دائر درخواستوں میں موقف اختیار کیاکاغذات غلط مسترد کیے گئے،فیصلہ کالعدم قرار دیاجائے۔