ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کا استعمال کسی صورت قبول نہیں، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد

حافظ آباد: (قمر عباس)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد میڈم سند س ارشاد نے ضلع کونسل کی جانب سے 130ملین کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بھڑی چٹھہ،رامکے چٹھہ روڈ کا دورہ کیا اور وہاں سڑک کے تعمیراتی کام کا جائز ہ لیا۔چیف آفیسر ضلع کونسل شہزاد احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس اور ضلع کو نسل کے دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے سڑک کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سڑ ک کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے غیر معیاری اور ناقص میٹریل کا استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔علاقہ کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے کو کوالٹی کے لحاظ سے بہتر بنایا جائے اور اگر کہیں ناقص یا غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی شکایت ہوئی تو متعلقہ محکمہ اس کا ذمہ دار ہو گا۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کے اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تا کہ لوگوں کو ذرائع آمد و رفت اور آرام دہ سفری سہولت میں آسانی دستیاب ہو سکے۔ اس موقع پر سی او ضلع کونسل اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ڈپٹی کمشنر کو سڑ ک کے منصوبے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بھڑی چٹھہ، رامکے چٹھہ روڈ کی تعمیر سے نہ صرف حافظ آباد شہر بلکہ قرب و جوار کے دیہات کے لوگوں کو وزیر آباد، گجرات، منڈی بہاو¿الدین، علی پور چٹھہ، پھالیہ اور دیگر شہروں میں آنے جانے کے لیے آسانی ہو گی اور انشاءاللہ اس سڑک کو کوالٹی کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔