وزیرآباد پولیس کا کریک ڈاﺅن، 8رکنی خطرناک انو گینگ سرغنہ سمیت گرفتار

وزیرآباد:(مہر عاطف یاسین) سرکل پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاون ، احمد نگر علی پور چٹھہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 8 رکنی خطرناک انو گینگ سرغنہ سمیت گرفتار کرلیا، مجموعی طور پر 46 لاکھ نقدی ، 10 قیمتی موبائل اور پسٹل برآمد کرلئے۔


اے ایس پی وزیرآباد محمد رضا نے ایس ایچ او احمد نگر محمد افضل گجر ایس ایچ او علی پور چٹھہ میاں عدنان اور سیکیورٹی افسر اسمر چٹھہ ، زیشان حیدری و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ دس روز قبل تھانہ احمد نگر کی حدود میں مچھلی کے آڑھتی سے 36 لاکھ اور تھانہ علی پور چٹھہ کے علاقہ پر متعدد افراد سے 10 لاکھ نقدی اور موبائل و پسٹل لوٹنے کی واردات ہوئی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے برکی لاہور کے رہائشی محمد انور عرف انو ، تنویر حسین ، وہاب مسیح سکنہ گجرات ، حبیب ، گلفام ، احد سکنان علی پور چٹھہ ، اسد ، منصور سکنان حضرت کیلانوالہ کو گرفتار کرکے 46 لاکھ نقدی 10 موبائلز اور لائسنسی پسٹل برآمد کر لیا ، اے ایس پی محمد رضا نے بتایا کہ تفتیش سے معلوم ہوا کہ سربراہ انو گینگ 8 سال قبل ڈنکی لگا کر بیرون ملک چلا گیا تھا چند ماہ پہلے واپس آیا اور دھند کا فائدہ اٹھا کر ناکہ لگا کر عوام کو لوٹنے لگا ، انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے تھانہ بیگووالہ سیالکوٹ اور تھانہ گلیانہ گجرات ، وزیرآباد سوہدرہ صدر سٹی سمیت متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ اے ایس پی محمد رضا نے ڈکیت گینگ کے سرغنہ انور عرف انو کے بارے بتایا کہ ملزمان ماں باپ کا بھی نافرمان ہے جسے عاق کرنے کیلئے والدین نے پہلے سے ہی قانونی چارہ جوئی کررکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ شہری جرائم کی نشاندہی میں پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ اے ایس پی نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوز، سیکیورٹی آفیسرز اور پولیس اہلکاروں کو شاباش بھی دی۔