ٹوبہ ٹیک سنگھ فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،سینکڑوں مردہ مرغیاں سپلائی وین سے برآمد

ٹوبہ ٹیک سنگھ: (میاںافتخار احمد) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صبح سویرے کارروائی ،مردہ مرغیوں کی بڑی تعداد پکڑ کر تلف کردی ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کمالیہ روڈ پر مرغیاں سپلائی کرنے والی گاڑی کی چیکنگ کی ،گاڑی سے 355کلو مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔

فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تلف کرکے سپلائر کے خلاف مقدمہ درج کروا کر اسے گرفتار کروایا اور گاڑی ضبط کرلی ،ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق مردہ مرغیاں نیلے ڈرموں میں چھپا کر سپلائی کی جا رہی تھیں،چیکنگ کے دوران انتہائی لازم سپلائی ریکارڈ عدم موجود پایا گیا،گاڑی پر مردہ پرندوں کی نقل و حمل کے حوالے سے کوئی برانڈنگ نہ کی گئی تھی،فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 355 کلو مردہ مرغیاں تلف کر دیں۔

عاصم جاوید نے کہا جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا گیاہے ،مردہ مرغیوں کو گوشت تیار کرنے کیلئے سپلائی کیا جارہا تھا، مردہ گوشت کا استعمال معدہ، جگر اور آنتوں کی مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے،پنجاب بھر میں خوراک کا کاروبار کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عملدرآمد ضروری اور لازمی ہے،ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاویدنے کہا کہ عوام کی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔