اسلام آباد: (بیورورپورٹ ) سپریم کورٹ نے سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،جسٹس عائشہ ملک کا اضافی نوٹ بھی شامل ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اختلافی نوٹ میں کہا بڑے بنچ کا فیصلہ چھوٹے بینچزتبدیل نہیں کر سکتے،کیس 9رکنی لارجر بنچ کو سننا چاہیے تھا،125 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جسٹس منیب اختر نے تحریر کیا ۔
جسٹس منیب اختر نے فیصلے کی ابتدا لارڈ ایٹکن کے 1941 کے جملے سے کی ، لارڈ ایٹکن نے اپنی مشہورزمانہ تقریر میں کہا تھا برطانیہ میں بدترین جنگ میں بھی قوانین خاموش نہیں تھے، برطانیہ میں بدترین جنگ میں بھی قوانین وہی تھے جو حالت امن میں تھے،23 اکتوبر 2023 کو سنایا گیا مختصر فیصلہ بھی تفصیلی فیصلے کا حصہ ہے جس کے مطابق سپریم کورٹ سے بنیادی حقوق پرسوال پوچھا گیا، سپریم کورٹ سے پوچھا گیا کیا آئین کے تحت سویلینز کا فوجی ٹرائل ہوسکتا ہے،پوچھا گیا سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل پر آئین کیا کہتا ہے، درخواست گزاروں نے سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل پر عدالت کی رائے مانگی۔
سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں آرمی ایکٹ کی کالعدم دفعات پر اہم وضاحت کرتے ہوئے کہا کالعدم دفعات کے تحت ماضی میں ہو چکے فیصلوں پر اثر نہیں پڑے گا، جن سزا یافتہ افراد کی اپیلیں زیر التوا ہیں وہ متعلقہ فورم پر سزاوں کی قانونی حیثیت کا معاملہ اٹھا سکیں گے۔
تفصیلی فیصلے کے مطابق آرمی ایکٹ کا ایک سیکشن 1967 میں اس وقت شامل ہوا جب ملک میں مارشل لا نافذ تھا، کرنل ریٹائرڈ ایف بی علی کیس میں جب سزائیں دی گئیں اس وقت ملک میں عبوری آئین تھا، 9 ،10 مئی فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے ، شہدا کے مجسموں کو نقصان پہنچایا گیا، کور کمانڈر کے گھر پر حملہ ہوا، اعلیٰ حکومتی سطح پرفیصلہ ہوا ملوث ملزموں کےخلاف فوجی عدالتوں میں ٹرائل چلایا جائے گا، سب کی ایک ہی متحد آواز تھی ایسے واقعات پر قانون حرکت میں آنا چاہیے پھرمختلف تھانوں میں ایف آئی آرز درج ہونا شروع ہوئیں، فوجی حکام نے متعلقہ دہشتگردی کی عدالتوں سے رجوع کر کے متعلقہ ملزموں کی حوالگی مانگی، نتیجے میں 103 ملزموں کو فوجی عدالتوں کی حراست میں دیا گیا۔
فیصلے میں جسٹس عائشہ ملک نے48 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ تحریر کیا ،تفصیلی فیصلہ 5میں سے 4ججز کا اکثریتی فیصلہ ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی کی رائے تفصیلی فیصلے کا حصہ نہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے اضافی نوٹ میں لکھا 9 مئی کے ملزموں کا ٹرائل سول عدالتوں میں قانون کے مطابق ہونا چاہیے، ایسے کوئی شواہد نہیں مظاہرین نے دفاع پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
فوجی عدالتیں کیس،بڑے بنچ کا فیصلہ چھوٹے بینچزتبدیل نہیں کر سکتے،جسٹس یحییٰ آفریدی


















