اسلامی فن خطاطی پوری دنیا میں مسلمانوں کی منفرد پہچان ہے:عامر میر

حافظ آباد:(محمد نواز )پنجاب کے وزیراطلاعات و کلچرعامر میرنے کہا ہے اسلامی فن خطاطی پوری دنیا میں مسلمانوں کی منفرد پہچان ہے، پاکستانی نوجوان اور سینئر خطاطوں نے دنیا بھر میں عالمی مقابلے جیت کر ملک کا نام روشن کیا اور پاکستان کا فن خطاطی میں نمایاں مقام بنایا یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں خطاطی کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اشرف القلم کیلی گرافی فاو نڈیشن کے زیر اہتمام اور خانہ فرہنگ ایران لاہور و مصور ویلفیئر کونسل گوجرہ کے اشتراک سے منعقدہ9واں اشرف القلم قومی مقابلہ خطاطی کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر کیا۔

وزیراطلاعات و کلچرعامر میر نے پاکستان کا سب سے بڑا خطاطی مقابلہ منعقد کرانے پر آرگنائزر مقابلہ محمد اشرف ہیرا کوتعریفی کلمات کے ساتھ خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔مقابلہ میں روائتی خط کوفی مصحفی میں پہلا انعام لاہور کی وردہ مبشر، دوسرا انعام دیر اپر کے نوید الرحمن، تیسرا انعام لاہور کی ماہ جبین گل، جیومیٹریکل خط کوفی میں پہلا انعام لاہور کی نورالعین بٹ، دوسرا انعام سیالکوٹ کی عائشہ ماہین، تیسرا انعام لاہور کی امامہ مظفر جبکہ ماڈرن خطاطی میں پہلا انعام لاہور کی بشریٰ جنید، دوسرا انعام لاہور کی ماہ جبین گل اور تیسرا انعام راولپنڈی کی ریحانہ بتول مشتاق نے جیتا۔ اشرف القلم قومی مقابلہ خطاطی کی تقریب تقسیم انعامات کے مہمان خصوصی وزیراطلاعات و کلچرپنجاب عامر میرو دیگر مہمانان گرامی جن میں ایرانی کلچرل سفیرو ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران لاہورآغا جعفر روناس، خصوصی وزیر سیاحت گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی، عالمی ایوارڈ یافتہ خطاط و آرگنائزر مقابلہ محمد اشرف ہیرا،قونصلیٹ جنرل ایران مہران موحد فر، ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل گوجرانوالہ غلام عباس، ایڈیشنل کمشنر FBR ڈاکٹر تنویرحسین بھٹی، صدر مصور ویلفیئر کونسل گوجرہ حافظ محمد عباس علی اور خطاط حافظ اصغر نے انعام یافتہ خطاطین میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔