پیپلز پارٹی سے کسی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی‘ جاوید لطیف

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر وسینئر رہنما ن لیگ میاںجاوید لطیف نے کہا ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ لیول پلینگ فیلڈ کی جانب پہلا قدم ہے ،میں سمجھتا ہوں پنجاب بھر میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرنی چاہیے، پیپلز پارٹی سے کسی بھی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوگی، بانی پی ٹی آئی کیلئے سہولت کاری آج بھی موجود ہے،3دن پہلے جیل سے بانی پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن ممبران کو دھمکیاں دیں، کیا الیکشن کمیشن نے ایف آئی آر کی درخواست دی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہاذوالفقار بھٹو نے اسلامی بلاک بنایا، ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی ، نواز شریف نے دفاع کو عملی طور پر نا قابل تسخیر بنایا، سی پیک لائے ان کےخلاف تو عالمی سازش کی سمجھ آتی ہے لیکن کچھ دانشور ، اینکرز کہتے ہیں عمران خان کے خلاف بھی عالمی سازش ہوئی ان سے سوال ہے عمران خان نے 4سال میں ملک کیلئے ایسا کیا کارنامہ سر انجام دیا عالمی استعمار کو عمران کےخلاف سازش کرنے کی ضرورت پیش آ گئی۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہاصدارتی ریفرنس کے فیصلے سے ذوالفقار بھٹو واپس تو نہیں آسکتے لیکن ریفرنس سے ایسی مثال قائم کر سکتے ہیں دوبارہ ایسا نہ ہو،سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی شخص اور جماعت نہیں بلکہ عدلیہ پر لوگوں کے عدم اعتماد کی تلافی ہے۔