حافظ آباد:میونسپل کمیٹی کی مشینری خراب، شہر گندگی کے ڈھیروں کی نذر

حافظ آباد:(محمد نواز) میونسپل کمیٹی کی صفائی ستھرائی کی مشینری خراب اورناکارہ ہونے سے شہر بھر میں کوڑے اور گندگی وغلاظت کے ڈھیر لگ گئے جبکہ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر سمیت افسران کی شاہ خرچیاں ختم نہ ہوسکیں جس کی وجہ سے میونسپل کمیٹی شہریوں کے لئے سفید ہاتھی بن گئی۔

میونسپل کمیٹی حافظ آباد میں اسوقت کوڑے کرکٹ کے ڈھیروں کا اٹھانے والی کمپیکٹر مشین کے ساتھ ساتھ لوڈ رکشہ جات، ٹریکٹرز سمیت مشینری خراب اور ناکارہ ہونے کے بعد شہر بھر میں کوڑے اور گندگی وغلاظت کے بڑے بڑے ڈھیر لگے شاہراو¿ں کے کنارے لگے دیکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایڈمنسٹریٹر سمیت کمیٹی کے افسران مشینری کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہ دے رہے ہیں جس کی وجہ سے شہری ن لیگ کے امیدواران سے شکوے کرتے بھی نظر آتے ہیں لیکن اس کے باوجود کسی کے کان پر کوئی جوں تک نہ رینگ رہی ہے۔

شہریوں نے ناگفتہ بہ حالت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی خراب اور ناکارہ پڑی مشینری کی فوری مرمت کروائی جائے تاکہ شہر سے گندگی وغلاظت کے ڈھیروں کو اٹھایا جاسکے۔