پرویزالٰہی،اہلیہ،فہمیدہ،ذوالفقار مرزا،ثروت اعجازودیگر انتخابی دوڑ سے آﺅٹ

اسلام آباد،راولپنڈی، پشاور ،کراچی،کوئٹہ،لاہور :(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)پرویزالٰہی،اہلیہ،فہمیدہ،ذوالفقار مرزا،ثروت اعجازودیگر انتخابی دوڑ سے آﺅٹ ہو گئے،عباد فاروق،جمال رئیسانی ،مولانا اورنگزیب فاروقی سمیت متعدد امیدوار بھی نااہل،گنڈا پور،مشتاق غنی ویگر کو الیکشن لڑنے کی اجازت،این اے 242شہباز شریف،129 سے میاں اظہر کے کاغذات منظور،سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر اثاثے چھپانے کاالزام ثابت ہوگیا۔

سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی این اے 59 اور پی پی 23 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کےخلاف اپیلیں مسترد ہوگئیں،ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج چودھری عبدالعزیز نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی بھی این اے 59 اور پی پی 23 سے نااہل قرار پائیں۔

این اے 223 بدین سے سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے کاغذات مسترد کرنے کیخلاف اپیلیں خارج کر دی گئی ہیں،کراچی کے حلقے پی ایس 108 سے سنی تحریک کے سابق سربراہ ثروت اعجاز قادری کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کردئیے اور الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دےدیا۔

ادھر ایپلٹ ٹریبونل نے لاہور کے حلقہ پی پی 150 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عباد فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ،ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے عباد فاروق کی اپیل مسترد کر دی،کوئٹہ سے این اے 264 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار جمال رئیسانی جبکہ پی ایس125 سے پی ٹی آئی کے فاروق کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ، این اے 31 پشاور سے تیمور حسن، این اے 21 مردان سے دوست خان، پی کے 83 سے حوریہ خان کی اپیلیں خارج کردیں۔

دوسری جانب لاہور میں اپیلیٹ ٹربیونل لاہور ہائیکورٹ نے آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے امیدوار ارسلان حفیظ، سہیل افضل میر، حافظ حامد رضوان، تحریک انصاف کے عمار علی جان، سردار ہارون احمد علی ، این اے 129 لاہور سے میاں اظہر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے، ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے امیدوار علی امین گنڈاپور کی اپیل منظور کرلی گئی،الیکشن ٹربیونل نے علی امین کی این اے 44، پی کے 112 اور 113 پر الیکشن لڑنے کےلئے اپیلیں منظور کرلیں،پی ایس116 سے تحریک انصاف کے امیدوار امجد خان، پی ایس118 سے پی ٹی آئی کے حسن زیب اور عبدالقیوم ، پی ایس 63 حیدر آباد سے تحریک انصاف کی آرزو فیصل کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ۔

مزید برآں کراچی کے حلقہ این اے 242 سے شہباز شریف بھی الیکشن لڑیں گے،ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے امیدوار علی امین گنڈاپور کی اپیل بھی منظور کر لی گئی ہے،ایبٹ آباد میں الیکشن ٹربیونل نے آر او کے فیصلے کیخلاف سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں پی کے 45سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی،الیکشن ٹربیونلز نے ابو تراب، آفتاب عالم، خرم ذیشان، ثانیہ حیدر سمیت 21 امیدواروں کی اپیلیں منظور کرلیں۔

دریں اثنا الیکشن ٹریبونل کے سربراہ جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریٹرننگ افسران کی کارکردگی پر اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دیئے آہستہ آہستہ معاملات ریٹرننگ افسران کے طرف بڑھ رہے ہیں، بلا جواز امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسران کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے،جسٹس عدنان الکریم میمن نے الیکشن کمیشن کے نمائندے سے مکالمے میں کہا کیا ریٹرننگ افسران کو پہلے تربیت نہیں دی گئی تھی؟ کیا الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کیخلاف کوئی کارروائی کی؟ بظاہر غیر ضروری معلومات کو بنیاد بناکر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے،ڈائریکٹر لا افسر نے موقف دیا ریٹرننگ افسران کو 3 دن کی ٹریننگ دی ہے، اگر کوئی ریٹرننگ افسران غلط کام کرتا ہے تو الیکشن کمیشن اس کیخلاف کارروائی کا اختیار رکھتا ہے،الیکشن ٹریبونل نے آزاد امیدوار جوہر عابد ایڈووکیٹ کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔

جسٹس خادم حسین تنیو نے ریمارکس دیئے بڑا آدمی دیکھ کر اس کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے جاتے ہیں، اندرون سندھ ڈیوٹی کے دوران ہمیں اس طرح کے تجربات کا سامنا رہا، نامعلوم افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے رکھ لیے جاتے ہیں، جب کوئی کسی بڑے کیخلاف الیکشن میں حصہ لینے لگتا ہے تو اسے فٹ کرلیا جاتا ہے، کمزور امیدواروں کو مقدمات میں پھنسا دیا جاتا ہے۔