اولڈ ہڑپہ اور عارفوالا روڈکی بحالی کا جلد پلان مرتب کیا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے پسپ حکام کو واٹر سپلائی کنکشن کی جامع رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کر دی، اگلے ایک دو دن تک سروے مکمل کیا جائے کہ کتنے گھروں تک کنکشن پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کو صاف پانی کی افادیت بارے آگاہی فراہم کی جائے۔میونسپل کارپوریشن شہر کے اہم چوک چوراہوں پر کلسٹر لائٹس لگائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ پروگرام کے انفرسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ اولڈ ہڑپہ روڈ اور عارفوالا روڈکی بحالی کا جلد پلان مرتب کیا جائے۔انہوں نے جھال رو ڈ کی مرمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کو مزید بہتر کیا جائے۔ بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ کچا پکا نورشاہ روڈ پر 3کلو میٹر طویل حصہ پر72انچ قطر کے پائپ ڈالے جائیں گے جسے آڑاتلہ روڈ پر کنڈوٹ کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔ ہائی وے کی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ زیرتعمیر اوورہیڈ برج کی سٹی سائیڈ کو مکمل کر لیا گیا ہے اور لینڈ مارکنگ کا کام ایک دن میں مکمل کر لیا جائیگا۔