بلدیہ عظمیٰ، 181 غیرقانونی تعمیرات کیخلاف مبینہ کارروائی شروع ہوتے ہی متنازعہ

لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہو رکی 181 غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مبینہ کارروائی کا سلسلہ شروع ہوتے ہی متنازعہ ہو گیا۔ زونل ریگولیشن افسروں کی جانب سے کئے گئے حتمی سروے کے بعد تیار کی جانے والی غیر قانونی تعمیرات کی فہرستیں ایم او ریگولیشن کے دفتر پہنچنے کے بعد از سر نو تبدیل کئے جانے کا انکشاف ہو اہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کیخلاف سروے میں بھرپور محنت کے ذریعے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے بعد غیر قانونی تعمیرات نکال کر جو فہرستیں تیار ہوئیں وہ ایم او ریگولیشن کے دفتر جاتے ہی تبدیل کردی گئیں اور مبینہ طور پر اپنے مفاد کی بلڈنگیں نکال کر نئی فہرست جاری کردی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ریگولیشن افسروں کی جانب سے بھجوائی گئی لسٹ کی تبدیلی کے عمل میں چیف افسر، سابق ایم او پلاننگ و زونل افسر پلاننگ گلبرگ اور سابق ریٹائر پلاننگ افسر کی مشاورت شامل ہے۔ نئی لسٹ کے مطابق ان زونز کو زیادہ ٹارگٹ کیا گیا ہے جہاں مذکورہ بالا افسروں کی ” دال نہیں گلی“۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چیف افسر نے عارضی بنیادوں پر ایم او پلاننگ کے عہدے پر جس جونیئر افسر کو لگا کر پورے لاہور میں ماسٹر پلان کی خلاف ورزی کے ذریعے مبینہ طور پر جو بھتہ وصولی کی ہے اسکی واضح مثال مصطفی معظم کے دور میں بلدیہ عظمیٰ کو حاصل ہونے والی آمدن سے لگایا جا سکتا ہے۔