سوات (مشرق نیوز) صدرپاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن )میں روزانہ کی بنیاد پر شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے جو اس بات کا ثبوت ہے عوام مسلم لیگ ن اور اسکی قیادت پر اعتماد کا اظہار کررہی ہے ،اللہ 8 فروری کو پاکستان مسلم لیگ ن کی فتح کا سورج طلوع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات شین اور دکوڑک میں مختلف نامور شخصیات ، سیاسی خاندانوں کا ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت کے موقع پر ایک بڑے شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہا کہ عوامی طاقت سے اقتدار میں آکر خطے کی تقدیر بدل دینگے اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھائینگے، اس خطے کی محرومیوں کا آزالہ کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا ماضی ہمارا گواہ ہے ہمیں جھوٹے اور کھوکھلے وعدوں کی ضرورت نہیں، ہم نے پہلے بھی ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالا اور اب بھی نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن )ہی مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، مخالفین اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ انہوںنے کہاکہ مہنگائی ،غربت ، بے روزگاری اور لاقانونیت کے خاتمے کیلئے ہم میدان میں اترے ہیں عوام ہمارا ساتھ دیں، آنے والے انتخابات میں عوام کی طاقت سے وفاق سمیت خیبرپختونخوا میں حکومت بنا کر ملک کو معاشی و سیاسی استحکام لائنگے اور ملک کو دوبارہ ترقی کے ٹریک پر چڑھائینگے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ قوم 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر وفاق جبکہ بالخصوص خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن کی حکومت بنانے کا مینڈیٹ دینگے۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف مرکز بلکہ اس دفعہ صوبے میں بھی نواز شریف اور شیر کی حکومت ہوگی ، مہنگائی کا ذمہ دار ہم نہیں وہ ہے جنہوں نے آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدہ کیا، ہم نے تو نوازشریف کی قیادت میں 2016 میں ہی آئی ایم ایف کا کشکول توڑا تھا۔انہوںنے کہاکہ ہمارا منشور اور ایجنڈا نواز شریف اور مسلم لیگ (ن )کی ماضی ہے ملک کو مشکلات سے نکالنا عوام کو خوشحالی دینا پاکستان مسلم لیگ (ن )کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ایک جماعت نے پاکستان کے املاک اور اداروں پر حملہ آور ہوکر ملک دشمنی کا ثبوت دیا ، اسی گروہ نے نو سال اس صوبے میں حکومت کرکے صوبے کو دیوالیہ بنایا اور صحت و تعلیم سمیت انفراسٹکچر کو تباہ کیا، عوام اب انکا اصل چہرہ پہچان چکی ہے اور انکو مسترد کرچکی ہے۔ انشاءاللہ قوم 8 فروری کو شیر پر مہر لگا کر ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ قوم کے ساتھ ڈٹ کے کھڑے رہے خواہ سیلاب ہو ، زلزلہ ہو یا کوئی بھی دوسرا واقعہ قوم کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا۔جلسے سے ضلعی صدر قیموس خان، ملاکنڈ ڈویژن کے جنرل سیکرٹری محمد علی شاہ، سابقہ ایم پی اے و امیدوار پی کے 4 سردارخان اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔
مسلم لیگ (ن) عوامی طاقت سے اقتدار میں آکر خطے کی تقدیر بدل دیگی: امیر مقام



















