لاہور (اپنے رپورٹر سے) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت عام انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ سیکرٹر ی داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے معاونت فراہم کرنا سرکاری افسران کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی سے متعلق رپورٹ باقاعدگی سے بھجوائی جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کے مطابق عام انتخابات کیلئے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ ڈے پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مدد سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔ صوبائی فوکل پرسن سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ امن و امان یقینی بنانے کیلئے صوبہ میں دفعہ 144 کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور لاڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ میں صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جبکہ اضلاع میں کنٹرول رومز قائم اورفوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور حساس پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنرز انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں: چیف سیکرٹری
















