لاہور (اپنے نمائندے سے) ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 147ویں یوم ولادت کی تقریبات کے سلسلے میںایوان قائداعظم جوہرٹاﺅن میںچوتھی تین روزہ ایجوکیشن ایکسپو اینڈ بک فیئر کاآغاز ہو گیا ہے۔ اس میگا ایونٹ کا افتتاح گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کیا جبکہ اس موقع پر تحریک پاکستان کے گولڈمیڈلسٹ کارکن اور سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف ‘ ماہر تعلیم عابد شیروانی‘ نوجوان دانشور میاں سلمان فاروق‘ مذہبی سکالر بیگم خالدہ جمیل‘ دانشور مجاہد حسین سید‘ سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل‘ سیکرٹری ادارہ تحریک پاکستان سیف اللہ چوہدری‘ اساتذہ کرام اور طلباوطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی ۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایجوکیشن ایکسپو اینڈ بک فیئر کا انعقاد خوش آئند ہے۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ ےہ ایونٹ سالانہ بنیادوںپر منعقد کیا جاتا ہے اور گزشتہ سال بھی اس ایونٹ میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا مقصد محض علم سیکھنا نہیں بلکہ اچھے کردار اور طریقے سیکھنا بھی ہے۔ کتاب دوستی وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ ایونٹ اس حوالے سے بہت اچھی کاوش ہے۔ آپ کتاب پڑھنے کی عادت اپنائیں۔ یہاں بڑی تعداد میں خواتین و حضرات کی آمد عوام کی کتاب دوستی کا ثبوت ہے۔ آج آن لائن کتب پڑھنے کی سہولت بھی موجود ہے لیکن کتاب کے اوراق پلٹنے اور کاغذ کی بھینی خوشبو کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ اس بک فیئر میں معیاری پبلشرز اور تعلیمی اداروں نے اپنے سٹالز لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام قائداعظمؒ کے یوم ولادت کی تقریبات کے سلسلے میںمختلف سرگرمیاں جاری ہیں اور یہ ایونٹ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ہمیں اپنی بنیادوں سے جڑے رہنا چاہئے اور علم کی ترویج و اشاعت کیلئے ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے۔ سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کہا تعلیم کو عام کیے بغیر کوئی قوم ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی ہے۔ ادارہ نظریہ پاکستان تعلیم اور نظریہ¿ پاکستان کے فروغ کیلئے گرانقدر کام کر رہا ہے۔ یہاں ہونیوالے مقابلوں میں طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت انکی پاکستان سے محبت کا ثبوت ہے۔ناہید عمران گل نے کہا نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے۔ ا س میگا ایونٹ کا بنیادی مقصد طلبہ کو کیریئر کونسلنگ کی سہولت اور انہیں اپنے تعلیمی مستقبل کے بارے فیصلہ سازی میں مدد فراہم کر نا ہے تا کہ وہ اپنے ذہنی میلان کے مطابق تعلیمی میدان اور عملی زندگی میں کامیاب و کامران ہو سکیں۔محمد سیف اللہ چوہدری نے کہا نوجوانوں نے ہی کل اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور ادارہ¿ نظریہ¿ پاکستان ان کی نظریاتی تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔یہ کاررواں اسی طرح آگے بڑھتا رہیگا۔ تحریک پاکستان کے کارکنوں اور ممتاز اہل علم ودانش کی زیر نگرانی ا س تین روزہ ایجوکیشن ایکسپو اینڈ بک فیئر میں میں قومی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں‘ تکنیکی و پیشہ ورانہ تنظیموں‘ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے بیرون ملک بھجوانے والی بڑی کمپنیوں اور نامور پبلشرزنے اپنے سٹال لگائے ہیں ۔ پہلے دن طلباوطالبات، اساتذہ کرام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے ایجوکیشن ایکسپو کا وزٹ کیا اور یہاں لگائے گئے سٹالوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ایجوکیشن ایکسپو کے پہلے روزڈائریکٹر جنرل لائبریریز کاشف منظور‘ صدر نظریہ¿ پاکستان فورم میاں چنوں ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں‘ کنوینر مادرملت سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان‘ سماجی رہنما بیگم صفیہ اسحاق‘ ماہر تعلیم و صدر نظریہ¿ پاکستان فورم شیخوپورہ پروفیسر شہباز احمد‘ سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد‘ ماہر تعلیم علی رضا‘ پروفیسر حلیمہ سعدیہ‘ مرزا عمران‘ احسن حبیب‘ نعمان الرشید‘ ماہرین تعلیم‘ طلبا وطالبات‘ اساتذہ کرام‘ اہل علم ودانش کی بڑی تعداد نے ایجوکیشن ایکسپو کا وزٹ کیا اور ادارہ نظریہ¿ پاکستان کی اس کاوش کو سراہا۔ دریں اثناءبانی¿ پاکستان کی شخصیت اور حیات و خدمات کے مطالعہ کی ترغیب دینے کے لیے طلبا و طالبات کے مابین قائداعظمؒ کے فرمان ”پاکستانی اور صرف پاکستانی کہلانے پر فخر کیجئے “ کے عنوان سے مضمون نویسی کے مقابلہ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ ایجوکیشن ایکسپو اینڈ بک فیئر آج ہفتہ اور کل اتوار صبح دس بجے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہے گی ۔
تعلیم کا مقصد محض علم حاصل کرنا نہیں،اچھے کردار اور طریقے سیکھنا بھی ہے:گورنر پنجاب
















