چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی تفصیلات سینیٹ میں پیش

اسلام آباد (مشرق نیوز) موجودہ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں۔ جمعہ کو سینیٹ کے اجلاس میں وزارتِ بین الاصوبائی رابطہ نے اس ضمن میں تحریری جواب پیش کیا جس میں بتایا گیا کہ ذکا اشرف ایک معروف بزنس مین ہیں اور اس وقت چیئرمین پی سی بی ہیں۔وزارت بین الاصوبائی رابطہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ذکاءاشرف اس وقت چیئرمین اشرف گروپ آف انڈسٹریز ہیں۔تحریری جواب میں کہا گیا کہ ذکاء اشرف اس وقت چیئرمین شوگر ریسرچ ڈویلپمنٹ بورڈ اور ممبر چیف منسٹر پنجاب ایگریکلچر ٹاسک فورس ہیں۔وزارتِ بین الاصوبائی رابطہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ ذکاء اشرف کے تجربے میں چیئرمین پی سی بی اور چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل ڈیویلپمنٹ کمیٹی ہے۔تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ ذکاء اشرف کے مشغلے میں کرکٹ، زراعت،ریسرچ اور ڈیولپمنٹ ہے۔اس حوالے سے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف چیئرمین شوگر ملز اور چیمبر آف کامرس کے ممبر ہیں۔انہوںنے کہاکہ ذکاءاشرف کا کوئی بھی تجربہ نہ کھیل کا ہے اور نہ کرکٹ کا،انہوں نے کرکٹ کو اپنا مشغلہ لکھا ہے۔سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ ہماری اولمپکس اور ہاکی کی تباہی ہو چکی ہے۔نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی نگراں حکومت نے نہیں کی، ان کی تعیناتی سابقہ حکومت نے کی تھی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے چیئرمین پی سی بی کے اختیارات محدود کیے ہیں، موجودہ حکومت نے ذکاء اشرف کو الیکشن کا حکم دیا ہے۔نگراںوفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ذکاءاشرف کو کہا ہے کہ وہ کوئی بڑا فیصلہ نہیں کر سکتے۔