اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے)ترجمان پنجاب الیکشن کمیشن نے کہا نیب، ایف بی آر و دیگر متعلقہ اداروں کی رپورٹس آنے کے بعد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے فیصلے کی خبریں من گھڑت ہیں،الیکشن کمیشن نے ایسا کوئی فیصلہ جاری نہیں کیا،کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کا عمل 30دسمبر تک جاری رہے گا،سکروٹنی کے بعد منظور شدہ کاغذات نامزدگی کے حامل امیدواروں کی فہرست آویزاں کر دی جائےگی۔
علاوہ ازیںالیکشن کمیشن نے واضح کیاہے سرکاری افسر ،ملازمین انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے ،سرکاری ملازمین کی چھٹیاں ریٹرننگ افسروں کی اجازت سے مشروط ہیں ،ضلعی افسر ڈی آراو سے چھٹیوں کی اجازت نامے کے پابند ہوں گے
ادھر پورے ملک میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہوگئیں ،اسلام آباد میں مانیٹرنگ ٹیموں نے امیدواروں کا تشہیری مواد ہٹانا شروع کر دیا۔
مزید برآں رانا ثناکے حلقے کا اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تبدیل کر دیا گیا،الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، ڈاکٹر رضوان کوکب کی جگہ ڈاکٹر مظہرعباس کو اے آر او کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں پر سکروٹنی روک دی،ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی خواتین کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال نہیں ہوگی، انٹرا پارٹی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی سکروٹنی روکی گئی ۔
سرکاری افسروں ،ملازمین کا انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینا ممنوع


















