جڑانوالہ واقعہ کے آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نقوی

لاہور،جڑانوالہ( خبر نگار،نمائندہ مشرق)وزیراعلیٰ محسن نقوی پنجاب کابینہ کے ہمراہ کرسمس پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہوئے اورصوبائی وزرا کے ہمراہ سیکرڈ ہارٹ کیتھیڈرل چرچ لارنس روڈپر دعائیہ تقریب میں شرکت کی،مسیحی برداری کےساتھ ملکر کرسمس کا کیک کاٹا،آرچ بشپ آف لاہور،سبسٹین فرانسیسز شا نے محسن نقوی کو پھول پیش کئے اور دعا کرائی۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب میںمسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا مسیحی برادری کی خوشیوں میں برابر شریک ہیں،جڑانوالہ واقعہ کی جنتی بھی مذمت کی جائے کم ہے،آخری ذمہ دارکو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،متاثرہ گرجا گھروں ،متاثرین کے گھروں کوفوری طور پر بحال کیا گیا،جلائے گھروں کے مالکان کو مالی امداد دی گئی تاکہ اشک شوئی ہو سکے،جڑانوالہ واقعہ کے بعد ایسے واقعات سے بچنے کےلئے پنجاب بھر میں میثاق سنٹر قائم کئے،تاریخ میں پہلی بار پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس جڑانوالہ چرچ میں منعقد کیا گیا،مقصد مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا،اجلاس میں جڑانوالہ میں نقصان کے ازالے ، آئندہ کے لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔

محسن نقوی نے کہا جڑانوالہ واقعہ کے بعد مسلمانوں نے مسیحی بہن بھائیوں کی عبادت کیلئے مسجدوں کے دروازں کو کھول دیا،مسیحی بہن بھائیوں کو پیغام دیا گیا مساجد آپ کیلئے کھلی ہیں،آئیں آپ عبادت کریں،مسیحی بھائیوں کیلئے مسجدوں کے دروازے کھول دینا بہت پرامید بات ہے جسے قومی ،بین الاقوامی میڈیا پر پذیرائی ملی۔

وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان کا پرچم اقلیتوں کے بغیر نامکمل ہے،سبز ہلالی پرچم سفید رنگ کے بغیر مکمل نہیں ہوتا،شعبہ تعلیم میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،بہت سے بہترین تعلیمی ادارے مسیحی برادری چلارہی ہے،سیکرڈ ہارٹ،کانونٹ و دیگر مسیحی برادری کے تعلیمی اداروں پر فخر ہے، اقلیتوں کے ملازمتوں،داخلے و دیگر مختص کوٹے پر عملدرآمدیقینی بنارہے ہیں۔

دریں اثنا پنجاب حکومت نے بابائے قوم قائداعظم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اوریوم ولادت پرتاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلیٰ آفس میں اپنی نوعیت کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ بانی پاکستان کے یوم ولادت کے موقع پر کیک کاٹا اور قوم کو مبارکباد دی،صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر نے خصوصی دعا کرائی۔

محسن نقوی نے کہا قائداعظم کا احسان ہے آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں،آنےوالی نسلیں بھی قائد کا احسان اتار نہیں سکتیں،قائداعظم جیسا مدبر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے،میرا یقین ہے قائد کے ویژن کو اپنا کر کھوئی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید برآںوزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے قائداعظم اور کرسمس ڈے پرکئے جانےوالے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے قربان لائنز میں پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے گرجا گھروں ،تقریبات کی سکیورٹی کےلئے کئے گئے انتظامات کا مشاہدہ ،ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا معائنہ کیا،ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی نے بریفنگ دی۔

بعدازاںپنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ،راولپنڈی اورفیصل آبادکے سیف سٹی پراجیکٹس کے سول ورکس کو 31دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاعوامی جان و مال کے تحفظ کیلئے سیف سٹی پراجیکٹس انتہائی اہمیت رکھتے ہیں ،منصوبوں میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،31دسمبر تک تینوں منصوبوں کے مرکزی ہال ،ڈیٹا سینٹر کا سول ورکس مکمل کیا جائے،محسن نقوی نے تینوں پراجیکٹس کی روزانہ کی بنیاد پر پیشرفت رپورٹس طلب کرلیں اور ہدایت کی کمشنرز ،پی اوز باقاعدگی سے پراجیکٹس کے وزٹ کر کے روزانہ رپورٹس پیش کریں اورسول ورکس مکمل ہونے کے بعد آلات کی تنصیب کا کام جتنی جلدی ممکن ہو مکمل کیا جائے۔