آئیے! قومی اتحاد، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں، وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم سب کےلئے مشعل راہ ہیں، آئیے قومی اتحاد، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔

قائداعظم کے 147 ویں یوم ولادت پر نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے اپنے پیغام میں کہا قائد کا یوم پیدائش پورے جوش و جذبے کےساتھ منا رہے ہیں۔ پوری قوم بانی پاکستان کو انتہائی عقیدت و احترام کےساتھ یاد کرتی ہے۔ قائداعظم کے عزم و غیرمتزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو مقصد کے حصول کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عظیم مقصد کےلئے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمانوں نے بے مثال قربانیاں دیتے ہوئے اجتماعی مقصد حاصل کیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا قائداعظم کی زندگی آئینی جدوجہد ، سیاسی بصیرت کی عکاس تھی۔ عظیم قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے بحیثیت قوم اصولوں پر عمل کریں، بین المذاہب ہم آہنگی کےلئے قائد کے دیئے پیغام کو دہرانے کی ضرورت ہے، انتہاپسند قوتوں کو شکست دینے ، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کےلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول بحیثیت قوم سب کےلئے رہنما اصول بننے چاہئیں۔

دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کرسمس پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کرسمس محبت و اخوت، برداشت، ایثار کا نام ہے، قائد کے پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل، آئین اقلیتوں کو خصوصی تحفظ فراہم کرتا ہے، موجودہ دور میں انسانی ہمدردی، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام پر عمل کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا پاکستان کو درپیش مسائل کا تدارک اسی وقت ممکن ہے جب رنگ، نسل ،مذہب سے بالاتر ہو کر ملکی ترقی کیلئے ایک قوم بن کر دن رات محنت کریں، پاکستان سب کا گھر ہے، آئیے کرسمس کے موقع پرسب ملکر پاکستان کو مذہبی رواداری، بھائی چارے کی مثال بنانے کا عہد کریں۔

مزید برآں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ملاقات کی، صوبے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔