مسلم لیگ (ن) اور جمعیت اہلحدیث کا مہنگائی کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

لاہور (مشرق نیوز) جمعیت اہلحدیث اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے جمعیت کے رہنماوں کے ہمراہ ملاقات کی۔

اس موقع پر جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سینیٹر حافظ عبد الکریم، مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خاں اور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے، ملاقات میں عام انتخابات کی تیاریوں اور دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جماعتوں کے قائدین نے پاکستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے جمعیت اہلحدیث کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ انتخابی اتحاد اور سیاسی تعاون کو سراہا، سابق وزیراعظم نے جمعیت اہلحدیث اور اسکے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی ملک وقوم کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے 16 ماہ کی حکومت کے دوران پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی شہباز شریف کی کوششوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، وفد نے نیب ریفرنسز میں مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی بریت پر شہباز شریف کو مبارکباد بھی دی۔