انٹرا پارٹی انتخابات غیر آئینی،PTIسے ''بلا''واپس


اسلام آباد(بیورورپورٹ)انٹرا پارٹی انتخابات غیر آئینی،پی ٹی آئی سے ''بلا'' چھن گیا ، الیکشن کمشنر نے فیصلہ سنا دیا تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ''بلے' 'کا انتخابی نشان واپس لے لیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنادیا گیا جس میں کہا گیا ہے پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کرائے، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا گیا،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فیصلے میں بتایا گیا ہے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنیبنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی،5 رکنیبنچنے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا،قفیصلے میں کہا گیا ہے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کرانے میں ناکام رہی جس کی بنیاد پر تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لے رہے ہیں اور اس کو اب'' بلے'' کا نشان نہیں ملے گا،فیصلے میں کہا گیا ہے تحریک انصاف کو سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جائے گا جبکہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے متعلق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں 2 روز کی توسیع کر دی

،الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا جس کے مطابق امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے،الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں پر ترجیح فہرست متعلقہ ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں، ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 تا30 دسمبر تک کریں گے،نظر ثانی شدہ شیڈول میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا باقی تمام انتخابی سرگرمیاں شیڈول کے مطابق ہوں گی اور ملک میں انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی کولیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے پر الیکشن کمیشن نے شکایات کا سختی سے نوٹس لے لیا ،الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز، چیف سیکرٹریز ، آئی جی سندھ اور آئی جی اسلام آباد کو مراسلے لکھ دئیے اور ہدایات دی ہیں کہ ان شکایات کا ازالہ کیا جائے،الیکشن کمیشن کی طرف سے صوبائی الیکشن کمشنر ، چیف سیکرٹریز اور آئی جی سندھ اور آئی جی اسلام کو جاری مراسلوں میں کہا گیا ہے انتخابی عمل میں رکاوٹوں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں،میڈیا کے ذریعے بھی کاغذات نامزدگی کے حصول اور جمع کرانے میں دشواریاں کی شکایات ملیں اور یہ کہ امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں

،الیکشن کمیشن نے شکایات کا سختی سے نوٹس لے لیا اور ہدایات جاری کیں کہ تمام شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے ، مراسلوں میں کہا گیا انتخابی عمل میں رکاوٹوں کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں ، تمام شکایات کا قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے،الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی، سپریم کورٹ کے حکم پر تحریک انصاف کا وفد الیکشن کمیشن پہنچا،وفد میں تحریک انصاف کے وکیل شعیب شاہین علی بخاری سمیت شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی بھی شامل تھیں، وفد نے الیکشن کمیشن کو انتخابی مہم کے دوران لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملنے سے متعلق اپنی شکایات اور تحفظات سے آگاہ کیا،ملاقات کے بعد پی آئی وفد نے بتایا انھوں نے الیکشن کمیشن حکام کے سامنے اپنے تحفظات رکھے ہیں،الیکشن کمیشن حکام نے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے،الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں رکاوٹ بننے والے ڈی آر اوز، آر اوز اور پولیس افسران کیخلاف ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، الیکشن کمیشن حکام نے پی ٹی آئی وفد کو بتایا جن ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کیخلاف شکایات ہیں انہیں تبدیل کیا جائیگا

، شعیب شاہین نے بتایا چیف الیکشن کمشنر اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرکے میڈیا کو بھی آگاہ کریں گے،انتظار پنجوتھا نے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے 40کے قریب شکایات موصول ہوئی ہیں جہاں ہمارے امیدوارں کو کاغذات نامزدگی نہ حاصل کرنے دیئے گئے اور نہ ہی جمع کرنے دیئے گئے، نیاز اللہ نیازی نے ایک سوال کے جواب میں کہا پی ٹی آئی انتخابات کے کیس کے حوالے سے بھی بات ہوئی، انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن انہیں بلے کا انتخابی نشان جاری کر دے گا ادھرالیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 2024 کیلئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ان ٹیموں کا کام انتخابی عمل کے دوران ضابطہ اخلاق اورالیکشن قوانین کی مانیٹرنگ کرناہے،کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ٹیمیں تمام اضلاع میں انتخابی عمل اور انتخابی مہم کی کڑی نگرانی کریں گی


،ڈویژنل سطح پر ریجنل مانیٹرنگ کو آرڈی نیٹر بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں،الیکشن کمیشن کے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ہمارے پاس پلان بھی موجود ہے، یہ پی ٹی آئی کیخلاف سازش ہے، یہ فیصلہ ذاتیات پر مبنی ہے، الیکشن کمیشن پر ہمارے تحفظات ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہم نے پارٹی الیکشن آئین و قانون کے مطابق کرائے، الیکشن کمیشن نے ہمارا انتخابی نشان واپس لینے کا تہیہ کر رکھا تھا،بیرسٹر گوہرعلی نے کہا صرف پی ٹی آئی کا الیکشن دیکھا گیا باقی پارٹیوں کو چھوڑا گیا، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔