طلبہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں:گورنر

سرگودھا(ڈسٹرکٹ رپورٹر) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے یو نیورسٹی آف سرگودھا کے دسویں کانووکیشن کے افتتاحی روز 29456طلبا و طالبات کو ڈگریاں تفویض کردیں،انہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے دسویں کانووکیشن کی صدارت کرتے ہوئے 277پوزیشن ہولڈر طلبا و طالبات اور81پی ایچ ڈی سکالرز میں میڈلز و ڈگریاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے طلباءسے مخاطب ہو کر کہا وطن عزیز اس وقت معاشی مسائل سے دو چار ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ جدت اور تحقیقی اصولوں کو اپناتے ہوئے طلباءنئی ایجادات اور انکشافات کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی شناخت قائم کر یں اور وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں، ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اس لیے طلباءکو چاہیے کہ اپنے اساتذہ سے جو مثبت اور تعمیری سوچ انہوں نے سیکھی ہے اسی سوچ کےساتھ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔