الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انتخابی نشان کیس کا 22دسمبر تک فیصلہ سنائے،پشاور ہائیکورٹ

پشاور(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن پی ٹی آئی انتخابی نشان کیس کا 22دسمبر تک فیصلہ سنائے،پشاور ہائیکورٹ نے حکم دےدیا،2 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس کی سماعت مکمل کرکے فیصلہ سنایا۔

جسٹس شکیل احمد نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے استفسار کیا آپ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کیوں دائر نہیں کیا،بیرسٹر گوہر نے کہاخیبرپختونخوا پنجاب سے زیادہ محفوظ ہے وہاں لیڈرز نہیں جاسکتے،رہنماو¿ں کو گرفتار کیا جاتا ہے،جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے کہا آپ اب چیئرمین ہیں اس طرح کے بیانات کی توقع نہیں۔

بیرسٹر گوہر نے موقف اختیار کیا انٹرا پارٹی الیکشن پشاور میں ہوئے ہیں اس لیے یہاں آئے ، فیڈریشن درخواست دائر کرنے کی اجازت دیتی ہے، الیکشن کمیشن ہر جگہ ہے کیس کسی بھی جگہ کر سکتے ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاانٹرا پارٹی انتخابات کاطریقہ کارپارٹی نے خود طے کرناہوتا ہے اگر انٹرا پارٹی انتخابات کو تسلیم نہ کیا گیا تو انتخابی نشان بلا نہیں ملے گا، آج تک انتخابی نشان نہ ملا تو امیدوار آزاد تصور ہوں گے،الیکشن کمیشن معاملات کو تاخیر کا شکار کرتا آرہا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو چھوڑکر ایک پارٹی کےساتھ ایسا سلوک ہورہا ہے، پی ٹی آئی کےساتھ امتیازی سلوک ہورہا ہے، کیا 32 سوالات کسی اور پارٹی سے بھی پوچھے گئے؟۔

جسٹس شکیل نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا آپ کو نہیں لگتا الیکشن کمیشن کو شکایات پرخود فیصلہ کرنا چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا الیکشن کمیشن میں شکایات دینے والا پارٹی کا حصہ نہیں،دوران سماعت بیرسٹر گوہر نے عدالت کو پی ٹی آئی کے رجسٹرڈ اراکین کی فہرست فراہم کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن نے صرف مرکزی پارٹی کو نوٹس نہیں دیا ، پی ٹی آئی صوبائی کابینہ کوبھی نوٹس جاری ہواتھا،پشاور ہائیکورٹ نے کچھ دیر بعد محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حکم دیا 22دسمبر تک پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

سماعت کے بعد بیرسٹر گوہر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا توقع ہے ملک کی 70 فیصد مقبولیت رکھنے والی جماعت کو الیکشن سے باہر نہیں رکھا جائے گا ایسا ہوا تو انتخابات پر سوالیہ نشان ہوگا، حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری عدلیہ کی ہے،انٹرا پارٹی الیکشن کےخلاف درخواست گزار پلانٹڈ ہیں، عدالت سے انصاف کی امید ہے۔